سونے کی پھر لمبی اُڑان، ہزاروں روپے مہنگا
پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت میں 5100 روپے کا مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 100 روپے اضافے کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 54 ہزار 336 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 372 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 89 ہزار 519 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 51 ڈالر فی اونس اضافہ ہوا، جس کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 4 ہزار 319 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔
صرافہ ڈیلرز کے مطابق حالیہ دنوں میں عالمی مارکیٹ میں مسلسل اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی ہوئی دلچسپی نے سونے کی قیمتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
دوسری جانب قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث زیورات خریدنے والے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ صرافہ بازار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ بلند قیمتوں کے باعث سونے کی خرید و فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے اور زیادہ تر خریدار صرف ضرورت کے تحت ہی خریداری کر رہے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ 3 دنوں کے دوران فی تولہ سونا 26 ہزار 400 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔















