چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندرسلطان راجہ کے نام کی منظوری

شائع 21 جنوری 2020 11:10am
فائل فوٹو

اسلام آباد:پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندرسلطان راجہ کے نام کی منظوری دے دی۔

چیف الیکشن کمشنر اور2 ممبران کی تقرری کے لیےپارلیمانی پارٹی کی 13ویں بیٹھک کامیاب ہوئی، نہ نہ کرتے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہو گیا ۔

چیئرپرسن شیریں مزاری کی زیرصدارت ہونے والی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی سے متعلق ناموں پر مشاورت کی گئی ۔

شیریں مزاری نے اجلاس کے بعد نوید سناتے ہوئے سربراہ الیکشن کمشنر کے لیے سکندرسلطان راجہ کے نام کا اعلان کیا جبکہ سندھ سے الیکشن کمیشن کے ممبر نثاردرانی اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ممبر شاہ محمد جتوئی کے نام کی منظوری دی۔

 شریں مزاری نے اتفاق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ خوشی ہے کسی ادارے پر بوجھ نہیں بنے ،پارلیمان اورجمہوریت کی مضبوطی کے لیے آئندہ بھی ایسی ہی روایت کو لےکر چلیں گے۔

 اپوزیشن ممبران نے کہاکہ لچک کا مظاہرہ دونوں جانب سے ہوا، امید ہے نئے چیف الیکشن کمشنرعام انتخابات کے لیے نئی ترامیم پارلیمنٹ کو بھیجیں گے، جس سے شفاف ، منصفانہ اور آزاد انتخابات یقینی ہوں گے ۔

ن لیگ کے رہنماءرانا ثناء اللہ نے کہاکہ نئے چیف الیکشن کمشنرسے آئندہ عام انتخابات شفاف ، منصفانہ اورآزادنہ کو یقینی بنانے کی توقع ہے۔

پارلیمانی کمیٹی کےمنظور کیے گئے ناموں سے وزیراعظم کوآگاہ کیاجائے گا،صدر مملکت عارف علوی نئے چیف الیکشن کمشنر کے نام کی منظوری دیں گے،جس کے بعد وزارت پارلیمانی امور نوٹیفکیشن جاری کرے گی اور پھر چیف الیکشن کمشنر حلف اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔