آٹا چکی مالکان اور ضلعی انتظامیہ میں نرخوں کا معاملہ تاحال حل نہ ہوسکا

شائع 02 فروری 2020 05:02am
فائل فوٹو

لاہور:آٹا چکی مالکان اور ضلعی انتظامیہ میں نرخوں کا معاملہ تاحال حل نہ ہوسکا،چکی ایسوسی ایشن نے طلب کے مطابق سرکاری گندم کی فراہمی تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چکی مالکان کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دو ہفتے بعد بھی ضلعی انتظامیہ اور چکی مالکان کے درمیان آٹے کے نرخوں کا تنازعہ حل طلب ہے۔

چکی مالکان کہتے ہیں مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہیں ہوگی، مہنگی گندم خرید کر 45روپے کلو پر آٹا نہیں بیچ سکتے۔

چکی ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کی لڑائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض چکی مالکان آٹا 60سے 65روپے فی کلو بیچنے میں مصروف ہیں، جس پر شہری ناخوش دکھائی دیتے ہیں۔

 چکی ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ سے ان کے گرفتار ساتھیوں کی فوری رہائی اور ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔