'غیرمنافع بخش اداروں اورغیراستعمال شدہ املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے'

شائع 04 مارچ 2020 04:29pm
فائل فوٹو

وزیرِاعظم نے کہا کہ غیرمنافع بخش اداروں اورغیراستعمال شدہ املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے۔نجکاری کا عمل مقررہ ٹائم لائنز میں مکمل کرنے کی ہرممکنہ کوشش کی جائے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت مختلف سرکاری اداروں اوراملاک کی نجکاری کے عمل میں پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

سیکریٹری نجکاری ڈویژن نے وزیرِاعظم کو مختلف سرکاری اداروں اوراملاک کی نجکاری کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال سات ادارے اور املاک کی نجکاری کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ان میں دو آر ایل این جی پاور پلانٹس، ایس ایم ای بنک، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور، جناح کنوینشن سینٹر اسلام آباد اور 27  سرکاری اراضیوں کی نجکاری  وغیرہ شامل ہے۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ یہ سات ٹرانزیکشنز مئی اور جون  کے مہینوں تک مکمل کر لی جائیں گی۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر منافع بخش اداروں اور غیر استعمال شدہ املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے کیونکہ جہاں اس سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ میں کمی آئے گی وہاں سماجی  شعبے و دیگر عوامی فلاحی ترقیاتی منصوبوں کے لئے مالی وسائل میسر آئیں گے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کا عمل مقررہ ٹائم لائنز میں مکمل کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں بین الوزارتی  کوآرڈینیشن  کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ حل طلب معاملات پر فوری ایکشن لیکر تمام رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔