شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے: آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 19 مئ 2026 07:41pm

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 مئی سے شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات پر علاقے کو گھیرے میں لیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے شیوہ میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور 24 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جب کہ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور علاقے کو مکمل کلیئر کرنے کا عمل تیز کردیا گیا ہے، اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرکے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

وزیراعظم، صدر اور وزیرداخلہ کا خراج تحسین

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام ویژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں اور اسے جڑ سے ختم کرنے کیلیے اقدامات جاری ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

آصف زرداری نے کہا کہ مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طورپراستعمال کرنا انسان دشمنی ہے۔ صدرِ مملکت نے جوانوں کے حوصلے، بہادری اور قربانیوں کو بھی سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔