وزیرِاعظم کا پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق گہری تشویش کا اظہار
فائل فوٹووزیرِاعظم نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہےکہ ماضی کی حکومتوں کی برتی جانے والی مجرمانہ غفلت کی قیمت عوام نے چکائی۔ملکی ضروریات اورشرح نمو کومد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کی باہمی کوآرڈینیشن سے جامع منصوبہ بندی کی جائے ۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
موجودہ طریقہ کاراوراس حوالے سے ایک منظم اورجامع حکمت عملی اختیارکرکے قیمتوں میں کمی لانے کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کی جانب سے نہ تو مناسب حکمت عملی اختیار کی گئی اور نہ ہی ترسیل اوردیگرمتفرق اخراجات کو کم کرنے کے حوالے سے کوئی مناسب اقدامات کیے گئے جس کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اورعوام پراضافی بوجھ پڑتا رہا ہے۔
وزیرِاعظم نے تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے انتظامی سطح پربرتی جانے والی اس مجرمانہ غفلت کی قیمت عوام کے ہرطبقے نے چکائی ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے ملکی مجموعی ضروریات کوپورا کرنے کے لئے وقتی اور قلیل مدتی انتظامات کو ترجیح دینا اور اس ضمن میں جامع منصوبہ بندی کا فقدان دراصل ماضی حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملکی ضروریات اور شرح نمو کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کی باہمی کوآرڈینیشن سے جامع منصوبہ بندی اور حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔