شہباز تتلہ کیس:ایس ایس پی مفخر عدیل 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اپ ڈیٹ 11 مارچ 2020 10:33am
فائل فوٹو

لاہور کی مقامی عدالت نے شہباز تتلہ کیس میں ایس ایس پی مفخر عدیل کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ایس ایس پی مخفرعدیل کو جسمانی ریمانڈ کیلئے بکتر بند گاڑی میں ماڈل کہچری لایا گیا،ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

تفتیشی آفیسر نے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم سے مقتول شہباز تتلہ کی لاش سے متعلق تحقیقات کرنا ہیں،14روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے تفتیشی آفیسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے 5روزہ جسمانی ریمانڈ پر مفخر عدیل کو پولیس کے حوالے کردیا۔

کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ مفخر عدیل شہبازتتلہ کے قاتل ہیں،انہیں سزا ضرور ملے گی۔

مفخر عدیل کے وکیل کا کہناتھا کہ ان کے مؤکل کو شہباز تتلہ کا قریبی تعلق ہونے کی بناءپر مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے،ابھی تک یہ کنفرم نہیں ہوا کہ شہباز تتلہ ہیں کہاں،کیا وہ زندہ ہیں یا قتل کردیا گیا،آئندہ پیشی پر مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

ایس ایس پی مفخرعدیل کی پیشی کے موقع پر عدالت میں پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔