وزیراعظم کی کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت

شائع 12 مارچ 2020 11:10am
فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی،جس میں سندھ کی مجموعی صورتحال خصوصاً کراچی میں وفاق کی جانب سے حال ہی میں مکمل کیے جانے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے  تکمیل شدہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گورنر سندھ کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ  کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے،معاشی حب کی ترقیاتی ضروریات اور عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے، وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

وزیرِ اعظم نے گورنر سندھ کو کراچی کے عوام کی  ضروریات  اور فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بھی جامع منصوبہ بندی کی ہدایت ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعے کو اجلاس بھی ہوگا جس میں کراچی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید ترقیاتی منصوبوں کے اجرا ءپر غور کیا جائے گا۔