کورونا خطرات :شہبازشریف کا ملک میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ

شائع 12 مارچ 2020 10:50am
فائل فوٹو

اسلام آباد:قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کورونا خطرات کے پیش نظر ملک میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کر دیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے کورونا کو عالمی وبا قرار دینے کے بعد حکومت سنجیدگی دکھائے،وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کے تحفظات اور تشویش پر فوری اقدامات کئے جائیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ وزیراعلی سندھ کی کوششوں کے باوجود عمران نیازی کا اب تک رابطہ نہ کرنا  مجرمانہ لاپرواہی ہے،ذاتی سیاسی انتقام کو صحت عامہ کے ہنگامی اور حساس امور میں لانا وزیراعظم کے منصب اورفرض کی خلاف ورزی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے اب تک کورونا کی عالمی وبا پرایک اجلاس تک بلانے کی زحمت نہیں کی،اسکریننگ ٹھیک ہوتی تو مریض سامنے نہ آتے،یہ قوم کی زندگی کا مسئلہ ہے، ضروری فیصلے کرنے میں مجرمانہ غفلت اور تاخیر کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں۔