خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 23 ہوگئی

شائع 19 مارچ 2020 01:51pm
فائل فوٹو

 مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں آج کورونا وائرس کے چار نئے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کی تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 23 ہوگئی۔سرکاری اسپتالوں میں  125 وینٹی لیٹرز ہونے کا انکشاف۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر اور سیکرٹری ہیلتھ کورونا وائرس کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پندرہ مزید کیسز سامنے آنے سے متعلق خبر بے بنیاد ہے۔صوبے میں اب تک 92 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔چار افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے میں تعداد 23 ہوگئی۔

صوبائی سیکریٹری ہیلتھ اخونزادہ نے میڈیا کو بتایا کہ اس وقت ہمارا اہم اثاثہ محکمہ صحت کی ٹیم ہے۔ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو تمام تر سہولیات دے رہے ہیں۔وزیراعلی خود تمام تر تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں اس وقت 125 جبکہ غیر سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ملا کر 500 وینٹی لیٹر موجود ہیں۔محکمہ صحت مزید وینٹی لیٹرز خرید رہی ہے۔