قائداعظم کے مزار پر سیاسی رہنماوں کی حاضری

شائع 25 دسمبر 2016 01:25pm
File Photo File Photo

کراچی :بانی پاکستان کے قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار قائد پر سیاسی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

 سابق صدر آصف علی زرداری،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین  بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر سیاسی رہنما مزار پر پہنچے، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

قائد اعظم محمد علی جناح کا  ایک سو اکتالیس واں یوم ولادت قومی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔مزار قائد پر صبح کا آغاز گارڈز کی تبدیلی سے ہوا،پاکستان ملٹری کاکول میجرجنرل عبدالله ڈوگر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

شاندار پریڈ اور گارڈ آف آنر کے بعد پاک فضائیہ کے جوانوں نے گارڈز کے فرائض پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے کے حوالے کردیئے۔

اس موقعے پر قومی ترانے کی تانوں پر  قائد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری بھی مزار قائد پہنچے، ان کے ہمراہ ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فاروق ایچ نائیک اور دیگر بھی تھے۔

انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔تینوں مسلح افواج کے نمائندگان بھی مزار قائد پہنچے

ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید بھی مزار قائد پہنچے اور پھول چڑھائے۔کچھ ہی دیر بعد ڈپٹی میئر کراچی ارشد ووہرا اور ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی بھی مزار پر پہنچ گئے۔

تمام سیاسی شخصیات نے بانی پاکستان کی قبر کے سامنے ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے نئے عزم کا اعادہ کیا۔