Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

توشہ خانہ کیس: نیب تفتیشی ٹیم دبئی میں عمرفاروق کے گھرپہنچ گئی

چار رکنی ٹیم کا یواے ای میں پاکستانی سفارتخانے کے علاوہ کچھ دکانوں کا دورہ
شائع 08 مارچ 2023 09:24am

عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کی تحقیقات کے لیے نیب کی تفتیشی ٹیم دبئی پہنچ گئی۔

نیب ڈائریکٹررضوان احمد کی سربراہی میں دبئی پہنچنے والی 4 رکنی ٹیم نے یواے ای میں پاکستانی سفارتخانے کے علاوہ کچھ دکانوں کا بھی دورہ کیا۔

عمران خان نے شہزاد اکبر اور فرح کے ذریعے تحائف کہاں بیچے، مبینہ خریدار سامنے آگیا

نیب عمران خان کی جانب سے فروخت کی جانے والی گراف کعبہ ایڈیشن گھڑی اوردیگرتحائف سے متعلق تحقیقات کررہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم نےقیمتی گھڑی کی فروخت سےمتعلق اہم معلومات اکٹھی کرلی ہیں۔

عمران خان کی گھڑی خریدنے کے دعویدارعمرفاروق کون ہیں؟

اس حوالے سے نیب ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تحفے میں ملنے والی گھڑی خریدنے کے دعویدارعمر فاروق کے گھرکابھی دورہ کیا۔

واضح رہے کہ گراف کعبہ ایڈیشن گھڑی عمران خان کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے تحفے میں دی تھی۔

نیب راولپنڈی نے عمران خان کواس کیس میں کل طلب بھی کررکھا ہے۔

کیس کا پس منظر

سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمران جماعت کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔

ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف کو فروخت کرکے جو آمدن حاصل کی اسے اثاثوں میں ڈکلیئر نہیں کیا۔

آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت دائر کیے جانے والے ریفرنس میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے موقف اپنایا تھا کہ 62 ون ایف کے تحت نااہلی صرف عدلیہ کا اختیار ہے جب کہ سپریم کورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو بھی آئین کی اسی شق کے تحت اسی نوعیت کے معاملے میں تاحیات نااہلی قرار دیا گیا تھا، ان پر اپنے بیٹے سے متوقع طور پر وصول نہ ہونے والی سزا گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے کا الزام تھا۔

پی ٹی آئی کی الیکشن مہم کا آغاز، عمران خان کی قیادت میں ریلی نکالی جائے گی

محکمہ داخلہ نے صوبائی صدر یاسمین راشد کو مراسلہ بھیج دیا
اپ ڈیٹ 08 مارچ 2023 01:12pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

پاکستان تحریک انصاف اپنی انتخابی مہم کا آغازآج سے کررہی ہے، لاہورمیں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک سےریلی نکالی جائے گی۔ محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے صوبائی صدریاسمین راشد کو مراسلہ بھی بھیج دیا

پولیس نے زمان پارک جانے والے راستے بند کرنا شروع کردیے ہیں جبکہ مال روڈ سے کینال کی جانب راستے کو بند کردیا گیا۔ ریلی کے روٹ پر پولیس کی بھاری نفری راستے پر تعینات کردی گئی ہے اور ریلی میں شرکت کیلئے آنے والوں کو بھی گزرنے کی اجازت نہیں ہے۔

آج سے شروع کی جانے والی مہم کے تحت دوپہر ایک بجے زمان پارک سے ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت پارٹی چیئرمین عمران کریں گے۔

پی ٹی آئی کے سینئررہنما بھی عمران خان کےہمراہ ہوں گے۔اس حوالے سے 10 مقامات پراستقبالیہ کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔عمران خان بلٹ پروف گاڑی سے کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

یہ ریلی فیروزپورروڈسے ہو کر داتا دربار پراختتام پزیرہو گی ۔

اس سے قبل گزشتہ روز عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ریلی، پنجاب میں الیکشن شیڈول اور دیگر امور پر مشاورت کے علاوہ ریلی کے استقبالیہ کیمپس، روٹ اور سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی تھی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کیلئے زمان پارک کے باہر کھڑے کنٹینر کی مرمت بھی کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا پی ٹی آئی کو مراسلہ

محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان تحریک کی سینٹرل صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کو مراسلہ بھیجاہے کہ پی ٹی آئی قیادت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کو یقینی بنائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کے لیے سیکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں خواتین مارچ بھی منعقد ہو رہا ہے ۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی قیادت سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون یقینی بنانے کی درخواست کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں عوامی اجتماعات کا انعقاد مناسب نہیں ہے۔