Aaj News

بدھ, مئ 22, 2024  
13 Dhul-Qadah 1445  

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے...
شائع 01 جولائ 2020 11:02am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار رہنماء جماعت اسلامی میاں اسلم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اوگرا کی سمری کے بغیر جون کے ختم ہونے سے پہلے ہی قیمتیں بڑھادی،حکومت قانونی طورپراوگرا کی سفارش کے بغیرقیمتیں نہیں بڑھا سکتی، اوگرا کی ویب سائٹ پربھی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے کچھ نہیں ،مہینہ ختم ہونے سے 5روز پہلے قیمتیں بڑھانے کے پیچھے حکومت کی بدنیتی شامل ہے ۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ آئل کمپنیزکی پٹیشن عدالت نے مسترد کی حکومت نے ایکشن لینا تھا۔

وکیل نے اضافے کا حکومتی فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ اوگرا نے پٹرولیم کمپینوں پرجرمانہ کیا توحکومت نے قیمت بڑھا کرکمپنیوں کا نقصان پورا کیا ۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو چیلنج کر رکھاتھا ،درخواست میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، پیٹرولیم اور اوگرا کو فریق بنایا گیا۔