Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے تباہی، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ

منگلہ ڈیم 86 فیصد اور تربیلا ڈیم 88 فیصد پانی سے بھر گئے، پی ڈی ایم اے
شائع 02 اگست 2023 11:44pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل

ملک کے مختلف شہروں میں سیلاب متاثرین کی مشکلات میں کم نہ ہوسکیں، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جب کہ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

ملک میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں سے مختلف شہروں میں متاثرین کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں، اور لوگوں کے مکانات، مویشی اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئے ہیں۔

پاکپتن کے علاقوں میں سیلابی ریلوں میں پھنسے لوگ پلاسٹک کے ٹینکوں سے کشتیاں بنا کر متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر رہے ہیں۔

حویلی لکھا میں دریائے ستلج ہیڈ سلیمانکی کے مقام پرسیلاب نے ہر چیز تباہ کر کے رکھ دی ہے۔

ننکانہ صاحب میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر دریائے راوی میں سیلابی پانی کے بہاو میں کمی آئی لیکن پانی سے تباہ کاریوں میں کمی نہ آسکی، سیلاب سے درجن سے زائد دیہاتوں میں مال مویشی، ہزاروں ایکٹر پر کھڑی فصلیں برباد ہوگئیں۔

علی پور میں محکمہ ایریگیشن کے افسران اور عملے کی لاپرواہی کے باعث فلڈ بندوں کی حالت خستہ ہوگئی، جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے، سیلاب کی صورتحال میں فلڈ بند ٹوٹ سکتے ہیں۔

سندھ کے شہر دادو میں کچے کے 30 سے زائد دیہات پانی کی لپیٹ میں ہیں، امدادی سرگرمیاں شروع نہ ہونے پر سیلاب متاثرین نے سڑک کنارے بسیرا کر لیا ہے۔

گھوٹکی کے مقام پر دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے، اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔

بلوچستان کے شہر جعفرآباد میں بارش کا جمع شدہ پانی تاحال نہ نکالاجاسکا، اور بارش کے پانی کے باعث لوگ مصیبت میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

پاکستان کے دریاؤں کی صورتحال

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر، راوی میں سدھنائی کے مقام پر اور ستلج میں سلیمانکی اور اسلام ہیڈ میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں گڈو اور سکھرکے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب کاامکان ہے۔

ترجمان کے مطابق منگلہ ڈیم 86 فیصد اور تربیلا ڈیم 88 فیصد پانی سے بھر چکے ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے، سیالکوٹ اور نارووال کے ندی نالوں میں اور راولپنڈی نالہ لئی میں اگلے 24 گھنٹوں میں طغیانی کے امکانات ہیں۔ اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، جب کہ گلگت بلتستان، کشمیر اور اسلام آباد میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

floods

Pakistan Floods

flood situation

flood 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div