Aaj News

پیر, نومبر 11, 2024  
08 Jumada Al-Awwal 1446  

سابق انسپکٹر عابد باکسر دوبارہ گرفتار، 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

عابد باکسر کو سی آئی اے سول لائنز کی ٹیم نے گرفتار کیا
شائع 19 اکتوبر 2023 10:03am

سرکاری رائفل چھننے اور پولیس حراست سے بھاگنے والے سابق انسپکٹر عابد باکسر کو سی آئی اے نے دوبارہ گرفتار کرلیا ہے، اور عدالت نے ان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کرلیا ہے۔

13 اکتوبر کو سابق انسپکٹر عابد باکسر مبینہ طور پر پولیس حراست سے فرار ہوگئے تھے اور لاہور پولیس نے کہا تھا کہ عابد باکسر سرکاری رائفلیں چھین کر 3 اشتہاری ملزمان کے ساتھ فرارہو گیا، اور ملزم گرفتاری کے بعد پولیس کو للکار رہا تھا۔

ترجمان سی آئی اے پولیس کے مطابق عابد باکسر کو گزشتہ رات ایک کارروائی کے دوران دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، اور تفتیش کے لیے انوسٹی گیشن ونگ کے حوالہ کردیا گیا۔

ترجمان نے بتایا سابق انسپکٹر کو سی آئی اے سول لائنز کی ٹیم نے گرفتار کیا، ان کے خلاف تین تھانوں میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

دوسری جانب سابق انسپکٹر عابد باکسر کو سرکاری رائفل چھننے اور پولیس حراست سے بھاگنے کے کیس میں انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے عدالت سے سابق انسپکٹر عابد باکسر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، اور عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کا 7 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، اورپولیس کے حوالے کردیا۔

مزید پڑھیں: لاہور: سابق پولیس انسپکٹرعابد باکسر گرفتاری کے بعد فرار

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کرلی اور عابد باکسر کو دوبارہ 26 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھیں: عابد باکسر کی گرفتاری و فرار ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا

واضح رہے کہ عابد باکسر کے خلاف سرکاری اسلحہ چھیننے اور پولیس حراست سے فرار ہونے کا مقدمہ تھانہ فیصل ٹاؤن میں درج ہے۔

lahore police

Crime

LAHORE HIGH COURT (LHC)

crime report

ABID BOXER