Aaj News

بدھ, مئ 22, 2024  
13 Dhul-Qadah 1445  

نگہبان رمضان راشن پیکج کی تقسیم کے دوران دیہاتیوں کا پٹواری پر بدترین تشدد

متاثرہ شخص کو مار مار کر لہولہان کردیا گیا، بھاگ کر اپنی جان بچائی
شائع 10 مارچ 2024 06:08pm

دیپالپور کے علاقہ چپلی پور میں نگہبان رمضان راشن پیکج کی تقسیم کے دوران دیہاتیوں نے پٹواری کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

پٹواری محمد آصف نگہبان رمضان راشن پیکج کے مفت راشن بیگز کی تقسیم کے لیے چپلی پور پہنچا تو چند شر پسند افراد نے ذاتی رنجش کی بناءپر پٹواری محمد آصف پر حملہ کر کے لہولہان کر دیا۔ متاثرہ شخص وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر محمد آصف کو ہسپتال منتقل کیا۔

واقعے کی خبر ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور مجاہد ظفر میکن موقع پر پہنچ گئے۔

چند روز قبل بھی پٹواری محمد آصف پر ذاتی رنجش کی بناء پر تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی متعلقہ تھانہ میں ایف آئی بھی درج کروائی گئی تھی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور مجاہد ظفر میکن کو انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم صادر کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ رمضان نگہبان پیکج کے راشن بیگ مستحقین کے گھروں کی دہلیز پر پہنچانے والے ہمارے ہیرو ہیں جو خدمت خلق کا کام کر رہے ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کو فوری طور پر انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، کسی بھی ناحق کے خلاف کاروائی نہیں کی جائے گی جبکہ واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Assault

Nigehban Ramzan Ration Package