الجزائر کے آرمی چیف انتقال کرگئے

شائع 24 دسمبر 2019 02:45pm

الجزائر کے آرمی چیف جنرل احمد قاید صالح پیر کو اچانک حرکت قلب بندہونےسے انتقال کر گئے ہیں۔ان کی عمر 79 سال تھی۔

انہوں نےچارروزقبل ہی الجزائر کےنئےمنتخب صدرعبدالمجید تبون کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ نئےصدرنے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے فوری بعد جنرل احمد قاید صالح کو ملک کا سب سے اعلیٰ اعزاز 'آرڈر آف میرٹ' دیا تھا۔

ان کی وفات پر صدر عبدالمجید تبون نے ملک میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے اور برّی فوج کے سربراہ جنرل سعید شنقريحہ کو مسلح افواج کا قائم مقام چیف آف اسٹاف مقرر کیا ہے۔

مرحوم آرمی چیف نے الجزائر کےمطلق العنان صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی اس سال اپریل میں عوامی احتجاجی مظاہروں کے بعد معزولی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔سابق صدر کے خلاف فروری سے احتجاجی مظاہرے جاری تھے۔

قاید صالح 1940ء میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 17 سال کی عمر میں الجزائر کی قومی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور فرانسیسی استعمار کے خلاف جنگ میں حصہ لیا تھا۔

الجزائر کی 1962ء میں فرانسیسی استعمار سے آزادی کے بعد وہ نئی تشکیل شدہ فوج میں شامل ہوگئے تھے۔ انہیں 1994ءمیں برّی فوج کاسربراہ مقرر کیاگیا تھا اور 2004ء میں انہیں الجزائر کی مسلح افواج کا سربراہ مقرر کیاگیا تھا۔انہیں 11 ستمبر 2013ء کو الجزائر کا نائب وزیر دفاع بنا دیا گیا تھا۔

وہ اپریل میں مطلق العنان صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی معزولی کے بعد سب سے طاقتور سیاسی کھلاڑی کے روپ میں سامنےآئےتھے۔تاہم انہوں نےانتخابات کےانعقاد ہی کوملک کودرپیش سیاسی بحران کاواحدحل قراردیا تھا۔انھوں نے انتخابات کے شفاف انداز میں انعقاد پر زوردیا تھا۔