نواز شریف کو میڈیکل رپورٹس جمع کرانے کی مہلت کا آج آخری روز

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2020 10:58am
فائل فوٹو

لاہور:پنجاب حکوت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو میڈیکل رپورٹس جمع کرانے کی مہلت کا آج آخری روز ہے،نوازشریف کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کو میڈیکل رپورٹس جمع کرانے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے دی گئی آخری وارننگ کی ڈیڈلائن بھی آج ختم ہوجائے گی۔

اٹھائیس جنوری کو محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ نوازشریف کی سابق میڈیکل رپورٹس ناکافی اور غیرتسلی بخش ہیں،ڈاکٹر لارنس کی رپورٹ میں صرف دل کا معاملہ اٹھایا گیا ہے،گردوں، پیٹ اسکین اور پلیٹ لیٹس کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ نئی رپورٹس کےلیے خواجہ حارث کو بھی 6جنوری کو رپورٹس فراہم کرنے کی ہدایت کی گئیں مگر خط کے جواب میں  نہ نواز شریف نہ ہی ان کے کسی نمائندے نے حکومت کو جواب فراہم کیا۔

آخری مرتبہ لکھ رہے ہیں، 3 دن میں نئی رپورٹس جمع کروائیں،رپورٹ فراہم نہ کرنے کی صورت میں موجودہ حقائق کی روشنی میں حکومت ضمانت میں توسیع سے متعلق اپنا فیصلہ کر دے گی۔

واضح رہے کہ 2روز قبل محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دی گئی آخری وارننگ کی ڈیڈلائن آج ختم ہوجائے گی تاہم تاحال نوازشریف کی نئی میڈیکل رپورٹس فراہم نہیں کی جاسکیں۔