رمضان شوگر ملز کیس:حمزہ شہباز کی ضمانت منظور
فائل فوٹولاہور ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز کیس میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرلی اورمنی لانڈرنگ کیس میں درخواست ضمانت پر کارروائی11 فروری تک ملتوی کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل بینچ نے حمزہ شہباز شریف کی رمضان شوگر مل اور آمدن سے زائد اثاثہ جات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
ن لیگی رہنماءحمزہ شہباز کی جانب سے ان کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہو ئے۔
حمزہ شہباز کے وکیل نے دلائل دیئے کہ جو نالہ بنایا گیا وہ ایک عوامی مفاد کا معاملہ تھا،جس کی کابینہ نے منظوری دی،نیب آج تک حمزہ شہباز کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہ کرسکاجبکہ اس کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر رمضان شوگر ملز کے ڈائریکٹرز کے نام نہ بتاسکے،جس پر عدالت نے قرار دیا کہ لگتا ہے آپ نے فائل کو ہاتھ ہی نہیں لگایا، عدالت جو پوچھتی ہے آپ کے پاس جواب نہیں ہوتا۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے قرار دیا کہ کیس میں تفتیش کا لیول یہ ہے کہ آپ سب کو پرائیڈ آف پرفارمنس ملنا چاہیئے۔
لاہور ہائی کورٹ بینچ نے حمزہ شہباز کی رمضان شوگر مل کیس میں ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات میں درخواست ضمانت پر کارروائی 11 فروری تک ملتوی کر دی۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔