شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس: تین شریک ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

اپ ڈیٹ 27 فروری 2020 03:49pm
فائل فوٹو

 لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس میں تین شریک ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ملزمان قاسم قیوم، فضل داد عباسی اور شعیب نے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں جن میں موقف اختیار کیا گیا کہ منی لانڈرنگ کیس میں کوئی جرم ثابت نہیں ہوا۔ نیب کے پاس 90 روز زیر تفتیش رہے مگر وہ کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا لہذا عدالت ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے۔

نیب پراسیکیوٹر فیصل بخاری نے دلائل دیے کہ ملزم فضل داد اور شعیب کیش اکھٹا کر کے سلمان شہباز کو دیتے تھے۔ یہ تمام پیسہ وعدہ معاف گواہ شاہد رفیق برطانیہ اپنے بھائی کو بھجواتا تھا جہاں سے یہ پیسہ آفتاب کے ذریعے شہباز شریف فیملی کے اکاونٹس میں منتقل کیا جاتا رہا۔ ملزمان کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا لہذا درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر درخواست ضمانت مسترد کر دی۔