نیب کو احسن اقبال کیخلاف ایک ماہ میں ریفرنس دائرکرنے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 28 فروری 2020 11:08am
فائل فوٹو

اسلام آباد:احتساب عدالت نے نیب کو نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کیخلاف ایک ماہ میں ریفرنس دائرکرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت کی ، نیب نے ایف آئی اے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔

جج کے استفسارپرنیب پراسیکیوٹرنے بتایا کہ ایف آئی اے چلان میں احسن اقبال کا نام شامل نہیں تھا ،انکوائری شروع ہونے پراحسن اقبال کا نام شامل کیا گیا۔

وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ جب تک ریفرنس نہ آجائے تب تک احسن اقبال کی حاضری نہیں لگ سکتی۔

سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگومیں کیس کوبدنیتی پرمبنی قراردیتے ہوئے کہا کہ انہیں ریفرنس میں زبردستی شامل کیا جارہا ہے ، مقصد صرف خاندان والوں کوہراساں کرنا ہے ملک کو معاشی ترقی دینے والے نیب کے چکر کاٹ رہے ہیں جبکہ عوام کولوٹنے والے عمران خان کی چھتری کے نیچے بیٹھے ہیں۔

احتساب عدالت نے نیب کو ایک ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی۔