آرمی چیف کا ایرانی مسلح افواج کے سربراہ سے ٹیلیفونک  رابطہ

اپ ڈیٹ 12 مئ 2020 08:57am
فائل فوٹو

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل باقری سے ٹیلیفونک  رابطہ کرکے بارڈر پر سیکیورٹی فورسز پرحملے پرتحفظات کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل باقری سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا،جس میں پاک ایران سرحد کے قریب پاکستانی فورسزپر دہشتگرد حملے پربات چیت کی گئی۔

پاک فوج کے سپہ سالار کی جانب سے پاک ایران بارڈر پر حالیہ واقعے میں سیکیورٹی فورسز کے 6اہلکاروں کی شہادت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ٹیلی فونک رابطے میں دونوں ممالک کے فوجی سربراہوں نے سرحد کے اطراف سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے عزم کااعادہ بھی کیا۔

اس موقع پر پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بارڈر سیکیورٹی یقینی بنانے کیلیے تعاون کی ضرورت ہے، پاکستان نے پاک ایران بارڈر پر فینسنگ کا کام شروع کر دیا ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے مشترکہ تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فینسنگ سے دہشتگردوں اور سمگلروں کی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئےدوطرفہ تعاون کی ضرورت ہے،پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے، پاکستان برابری کی بنیاد پر خطے میں امن و استحکام کے قیام کا خواہاں ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ سرحد پر چوکیوں کو مزید فعال بنانا ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے دوران  کرونا وائرس کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔