امریکا ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار کی عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ امریکی کانگریس کے رکن جیک برگمین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام تعریفی خط میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہونے لگی۔ امریکی کانگریس کے رکن اور کانگریشنل پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین جیک برگیمن نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام اہم تعریفی خط ارسال کیا ہے۔
خط میں کانگریشنل پاکستان کاکس کی جانب سے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے لیے مخلصانہ تشکر اور دائمی قدردانی کا اظہار کیا گیا۔ جیک برگمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا حقیقی ریاستی بصیرت کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان جاری امن مذاکرات میں پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کی رہنمائی پر وہ دلی طور پر مشکور ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات دیرپا اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں، جبکہ وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس بھی پاکستان کے منفرد اور مثبت سفارتی کردار کا عوامی سطح پر اعتراف کرچکے ہیں۔
امریکی رکنِ کانگریس نے مزید کہا کہ پاک امریکا اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وہ جلد پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔














