پاناما کیس کو کفن پہنایا جارہا ہے، طاہرالقادری
File Photoلاہور: عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کو اب کفن پہنایا جا رہا ہے، انہوں نے بہت پہلے ہی انا اللہ پڑھ لی تھی، دو نومبر کو احتجاج کرنا تحریک انصاف کا ذاتی فیصلہ تھا۔
لاہور میں منہاج یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ دو نومبر کو اسلام آباد شٹ ڈاؤن کی کال دینا عمران خان کی جماعت کا فیصلہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن بنا تو یہ پاناما لیکس کی خودکشی ہو گی۔ انہوں نے بہت پہلے ہی اس معاملے پر انا اللہ پڑھ لی تھی اب جنوری میں اس معاملے کو کفن پہنایا جائے۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر کو سیاسی بیان قرار دینا پارلیمنٹ کی توہین ہے۔ ان کے بیانات میں تضاد ثابت ہو چکا، اس ملک میں بادشاہت قائم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں وزیراعظم کے وکیل کے بیان سے ثابت ہوگیا کہ سسٹم ناقص ہے۔
عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں اندھیر نگری کا نظام ہے لیکن وہ وقت کے فرعونوں سے سمجھوتہ نہیں کریں گے اور شہداء کیلئے مرتے دم تک لڑتے رہیں گے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔