آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ کا پشاور کورہیڈ کوارٹرز کا دورہ
آئی ایس پی آرراولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دوردراز علاقوں میں چھپے دہشتگردوں اور شہروں میں موجود ان کے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ ہر قیمت پر ختم کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پشاور کورہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔ کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن نے ان کا استقبال کیا اور بعد میں آرمی چیف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فاٹا اور پختونخوا میں جاری آپریشنز سے آرمی چیف کو آگاہ کیا گیا ۔
آرمی چیف نے کہاکہ موجودہ صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کیلئے بلاامتیار خفیہ اور سیکیورٹی آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ دہشت گردوں سے پاک کرائے گئے علاقوں میں سماجی اور معاشی ترقی کے ساتھ حکومتی عملداری کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے گا۔ پاک فوج اپنے قبائلی بھائیوں کا ساتھ دے گی ، فاٹا کی مساوی ترقی کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ چاہے جتنی توانائی اور وقت درکار ہوا ، فاٹا میں چھپے دہشتگردوں اور شہروں میں موجود ان کے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ ختم کیا جائے گا ۔
آرمی چیف کو پاک افغان بارڈرمینجمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمرباجوہ نے سرحد پر موثر کنٹرول کیلئے فرنٹیرکانسٹیبلری کی صلاحیت بڑھانے اور ان کی سہولیات کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
افغانستان میں دہشتگردوں کے اکھٹے ہونے اور پاکستان کے خلاف ان کی سازشوں سے بھی آرمی چیف کو آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف کا کہناتھاکہ سرحدی انتظام دوطرفہ ذمہ داری ہے جو پاکستان کے ساتھ افغانستان پر بھی عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے متاثرین کی جلد اور باعزت بحالی کا عمل مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔