انصاف کی فراہمی پرعدلیہ کسی خوف کا شکارنہیں ہو گی،ثاقب نثار

شائع 24 دسمبر 2016 10:13am
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ انصاف کی فراہمی کے معاملے پر عدلیہ کسی مصلحت اور خوف کا شکار نہیں ہو گی، انصاف کے ترازو میں جھول نہیں آنا چاہیے۔

لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ثاقب نثار نے کہا اگر عدلیہ نے فراہمی انصاف کی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو آنے والی نسلوں کو کچھ نہیں دے سکیں گے۔

انہوں نے کہا   دیانتدار اور اہل لوگ آگے آئیں گے تو جوڈیشری مضبوط ہو گی،سسٹم کی خرابیاں انصاف کی فراہمی سے دور ہو سکتی ہیں، عدلیہ کو لوگوں میں اعتماد کو بحال کرنا ہو گا۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا  کہ بار کی بھی ذمہ داری ہے کہ ہڑتالوں سے گریز کرتے ہوئے بینچ کو مضبوط بنائیں جب بار اور بینچ اپنے ہاؤس کو ان آرڈر کریں گے تو انصاف مہیا کیا جا سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بار اور بینچ میں بہتر تعلقات اور انصاف کی فراہمی کے راستے میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کےلیے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔