کوہستان:ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق

شائع 24 دسمبر 2016 04:45pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

کوہستان:کوہستان کے علاقے داسو میں ایف سی اہلکاروں نے معمولی ٹریفک حادثے کے بعد فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

فرنٹیئر کانسٹیبلری کی موبائل اور ایمبولینس میں ٹکر ہوئی تو ایف سی اہلکار آگ بگولہ ہو گئے اور ایمبولینس کے ڈرائیور کو سرعام تھپڑ جڑ دیئے۔

اس زیادتی پر لوگوں نے احتجاج کیا تو ایف سی کی مزید نفری موقع پرپہنچی اور مشتعل اہلکاروں نے بھرے بازار میں نہتے عوام پر اسٹریٹ فائر کھول دیا۔

فائرنگ ہوتے ہی بازار میں بھگدڑ مچ گئی، لوگ جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے۔تاہم عمر فاروق نامی نوجوان سینے پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑگیا،جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔

کھلے عام ایف سی اہلکاروں کی جانب سے قانون کی دھجیاں اڑانے پر علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔بازار بند کر دیا گیا اور مقامی افراد کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔

ورثا نے لاش کو کمیلا بازار میں رکھ کر روڈ ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔

مظاہرے کے باعث قراقرم ہائی وے بلاک ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ ہوئی ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق غنی نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملزموں کو سزا دلوانے کی یقین دہانی کروائی۔

مشتاق غنی کا مزید کہنا تھا کہ یہ انتہائی حساس علاقہ ہے اور ہر قدم محتاط طریقے سے اٹھایا جاتا ہے۔