Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  
Live
Local Bodies 15 Jan

وزیراعلی سندھ کا بلدیاتی الیکشن کے کنٹرول روم کا دورہ

کنٹرول روم میں پولنگ اسٹیشنز پر جاری انتخابی عمل کی نگرانی کا جائزہ
شائع 15 جنوری 2023 01:30pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر

وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں قائم بلدیاتی الیکشن کے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

سی پی او آفس پہنچنے پرچیف سیکریٹری سہیل راجپوت اورآئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مراد علی شاہ کا استقبال کیا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کنٹرول روم میں پولنگ اسٹیشنز پر جاری انتخابی عمل کی نگرانی کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اب تک کے پولنگ کے عمل میں اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعلی سندھ نے پولیس کو ہدایت کی کہ پولنگ کے عمل کو پر امن رکھا جائے، کسی شر پسند کو انتخابی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کی اجازت نہ دیں۔

مراد علی شاہ نے تمام سیاسی جماعتوں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کا احترام کریں۔

الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات میں شکایات موصول ہونے کا اعتراف

اب تک 16 شکایت موصول ہوئیں، 13 کا ازالہ کیا گیا، ترجمان الیکشن کمیشن
شائع 15 جنوری 2023 12:48pm
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی بلدیاتی انتخابات میں شکایات موصول ہونے کا اعتراف کر لیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن قراة العین نے آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انتخابی عمل میں بدامنی پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن کو اب تک 16 شکایت موصول ہوئیں، شکایات بذریعے کال، ای میل اور میڈیا مانٹرینگ کے زریعے ہوئیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے مزیدکہا کہ اتنے بڑے الیکشن میں شکایات آتی ہیں، 13 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے، شکایات میں الیکشن کی تاخیراور بلیٹ پیپر میسنگ کے نشانات شامل ہیں، کراچی، حیدر آباد اور ٹھٹھہ سے شکایات موصول ہوئیں ہیں۔

فردوس شمیم نے بیلٹ باکس کھول ڈالے

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما کے خلاف نوٹس لے لیا
اپ ڈیٹ 15 جنوری 2023 03:24pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے پولنگ اسٹیشنزمیں بیلٹ باکس کی سیل کھلی ہونے کی ویڈیو شیئرکرتے ہوئے صاف شفاف الیکشن کا مطالبہ کردیا۔

فردوس شمیم نقوی کی جانب سے اصول وضوابط کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں پولنگ اسٹیشن سے بے دخل کرنے کاحکم دیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کی یہ غیرقانونی حرکت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے ٹوئٹرپرویڈیوز شیئرکیں تھیں جن میں وہ کسی پولنگ اسٹیشن میں موجود ہیں اور بیلٹ باکس کا پلاس اٹھائے معائنہ کررہے ہیں۔

اس دوران بیلٹ باکس کی سیل ڈھیلی ہونے پروہ شکایت کرتے ہیں تو پریزائیڈنگ آفیسرکی جانب سے تعاون کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا جارہا ہے کہ ان کا عملہ نیا ہے اور ابھی اتنا تجربہ کارنہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ کسی بھی پولنگ سٹیشن میں سیل موجود نہیں،وہ پلاس لے کر آئے ہیں تا کہ سب باکس سیل ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ۔ ’ہمیں صاف شفاف الیکشن چاہئیے۔‘

فردوشس شمیم نقوی نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ انتخابات بغیر کسی تیاری کے کروائے گئے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما کے اس اقدام کے خلاف پیپلز پارٹی کے الیکشن سیل کی جانب سے الیکشن کمیشن پاکستان کو شکایت لکھ دی گئی ہے۔

سینیٹر تاج حیدرنے تحریر کیا کہ فردوس شمیم نقوی کی الیکشن کوڈ آف کنڈٹ کی خلاف ورزی کی فوٹیج سامنے آئی ہےجس میں انہیں بیلٹ باکس کھولتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن بلاتاخیر نوٹس لیکر فردوس شمیم نقوی کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔

نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں نقاب پوش افراد پولنگ اسٹیشن میں گھس گئے

نامعلوم افراد پیپلزپارٹی کی جھنڈا لگی گاڑیوں پرسوار تھے، پی ٹی آئی
شائع 15 جنوری 2023 12:29pm
تصویر/ نمائندہ آج نیوز
تصویر/ نمائندہ آج نیوز

ضلعی وسطی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں نقاب پوش افراد پولنگ اسٹیشن میں گھس گئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن کی ویڈیو سامنے آگئی جس میں الزام عائد کیا کہ نامعلوم افراد نے پولنگ عملے اور (آر او) کو ہراساں کیا۔

نامعلوم افراد کی جانب سے سامان میں چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی جبکہ نامعلوم افراد پیپلزپارٹی کی جھنڈا لگی گاڑیوں پرسوار تھے۔

نقاب پوشوں کے حملے کا الزام، بیلٹ پیپر سے نام غائب، ڈنڈے بھی چل گئے

بلدیاتی انتخابات میں بے ضابطیگوں کی کئی شکایات سامنے آگئیں
اپ ڈیٹ 15 جنوری 2023 02:07pm
فوٹو۔۔۔۔۔ آج نیوز
فوٹو۔۔۔۔۔ آج نیوز

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے تاہم انتخابی عمل کے دوران مختلف بےضابطگیاں بھی دیکھنے میں آرہی ہیں، کہیں ڈنڈے چل گئے تو کہیں پولنگ کا عمل ہی روک دیا گیا۔

کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو بغیر کسی وقفے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

پولیس کی جگہ نجی گارڈ

کراچی کے ضلع سینٹرل میں پولیس کی نفری میں کمی کے باعث نجی کمپنی کے گارڈز کو تعینات کردیا گیا۔ گارڈز کو پولیس موبائل کے ذریعے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی کے لئے بھیجا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی کا پی پی پرنقاب پوش بھیجنے کا الزام

ضلعی وسطی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں نقاب پوش افراد پولنگ اسٹیشن میں گھس گئے۔ پی ٹی آئی کے کارکن کی جانب سے سامنے آنے والی ویڈیومیں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے پولنگ عملے اور آر او کو ہراساں کیا اور نامعلوم افراد نے سامان میں چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد پیپلزپارٹی کی جھنڈالگی گاڑیوں پرسوارتھے۔

بدین، پولنگ اسٹیشن پرخاتون ووٹر بے ہوش، پولیس پر دھکےدینےکا الزام

بدین میں تلہار وارڈ نمبر 11 کی پولنگ اسٹیشن پر خاتون ووٹر بے ہوش ہوگئیں۔ خاتون پولنگ اسٹیشن پر پانی سمیت دیگرسہولیات نہ ہونے کے باعث خاتون بے ہوش ہوئیں، جبکہ خواتین کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر دھکے دینےکا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ووٹرز واپس لوٹ گئے

کراچی کے ضلع شرقی یو سی آٹھ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 10 اور 11 میں پولنگ سست روی کا شکار رہی۔ جمشید روڈ میں ووٹر ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی واپس لوٹ گیا، ضلع شرقی گلشن یوسی 6 میں عملہ نہ پہنچ سکا، یوسی 13صفورہ میں ووٹر لسٹیں نامکمل ہونے پر عوام کو پریشانی کا سامنا رہا۔

بیلٹ پیپر سے امیدوار کا نام ہی غائب

کراچی کے علاقے بن قاسم پپری میں بیلٹ پیپر سے امیدوار کا نام غائب ہونے پرپولنگ کا عمل ہی روک دیا گیا۔

بیلٹ پیپرسے ایک جماعت کے امیدوار کا نام اورانتخابی نشان غائب ہونے پر ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے حامیوں نے احتجاج کیا۔ووٹرز کے احتجاج کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

لمبی قطارمیں انتظار

آج صبح پولنگ کے آغاز پر ضلع شرقی یو سی 8 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 10 اور11 میں ووٹرز پریشانی کا شکاررہے۔ ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والوں کو آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک قطارمیں لگ کرانتطار کرنا پڑا۔

تاخیر کے باعث اکثر ووٹرز ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی واپس چلے گئے۔

پولنگ عملہ غائب ہونے پرپیپلزپارٹی کا خط

حیدرآباد میں انتخابی عمل کے دوران بے ضابطگیاں سامنے آنے پر پاکستان پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

شاہ لطیف آباد ٹاؤن کی یوسی 114 کے وارڈ نمبر 3 کا پولنگ اسٹیشن بند ہونے پرتحفظات کااظہار کرنے والی پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عملہ موجود نہیں۔ پی پی الیکشن سیل کے انچارج تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابی بے ضابطگی کے معاملے سے آگاہ کردیا ہے۔

ٹھٹھہ میں پولنگ ایجنٹ پرتشدد

ٹھٹھہ کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پرسناٹا چھایا رہا، بدین کی یونین کونسل 37 میرغلام محمد تالپور میں پولنگ ایجنٹ عبدالقادرانڑکو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

پولنگ ایجنٹ کے مطابق پی پی امیدوار کے حامیوں نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا گیا۔

دادو میں پی پی اور پی ٹی آئی کارکن آمنے سامنے

دادو میں گورنمنٹ پائلٹ ہائی اسکول پولنگ اسٹیشن پر دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا، جھگڑے کا آغازپیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی پیر مجیب الحق کی کارکنوں کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کیلئے آمد پر ہوا۔

پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے پی پی کے رکن صوبائی اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے روکتے ہو شدید نعرے بازی بھی کی۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے اعتراض پر پیرمجیب الحق اکیلے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوئے۔

بدین میں پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے حامی آمنے سامنے

بدین میں پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے حامی آمنے سامنے آگئے، دونوں جانب سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

پیپلزپارٹی بدین کے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی نے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا ،جس پر جی ڈی اے امیدوار نے اعتراض کیا۔

جی ڈی اے امیدوار نے کہا کہ یہ لوکل الیکشن ہے ایم پی اے کایہاں کیا کام ہے۔

دوسری جانب بدین میں تلہار وارڈ نمبر 11کی پولنگ اسٹیشن پر خاتون ووٹر بیہوش ہوگئیں۔

خاتون پولنگ اسٹیشن پر پانی سمیت دیگرسہولیات ناہونےکےباعث خاتون بیہوش ہوئی جبکہ خواتین نے پولیس اہلکاروں پر دھکےدینےکاالزام لگایا۔

گلشن اقبال بلاک 2 میں بدنظمی، سیاسی جماعتوں کے کارکنان بدنظمی

کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے گلشن اقبال بلاک 2 گرین لائن اسکول میں بد نظمی ہوئی ہے، جہاں سیاسی جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔

سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگائے جبکہ پولیس کی نفری پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال کنٹرول کررہے ہیں۔

خواتین کے پولنگ اسٹیشن میں مرد گُھس گئے

جامشورو کے گرلزاسکول بھریا ولیج میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر تصادم ہوگیا، جہاں خواتین کے پولنگ اسٹیشن میں مرد گُھس گئے۔

جامشورو کے گرلزاسکول بھریا ولیج میں خواتین پولنگ اسٹیشن پرمردوں کے داخلے کے بعد پیپلز پارٹی اور جامشورو اتحاد کے کارکن آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔

تیرکے بجائے ’گٹار‘ چھاہنے پر پی پی امیدوار کی الیکشن کمیشن کو شکایت

وارڈ نمبر3 پرشاہنوازشانی پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں
اپ ڈیٹ 15 جنوری 2023 12:47pm

کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے دوران بیلٹ پیپر پر پیپلزپارٹی کے امیدوارکا انتخابی نشان غلط چھپ گیا۔

اولڈ گولیمارکی یو سی 3 کے وارڈ نمبر 3 میں بیلٹ پیپر پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کے انتخابی نشان تیرکے بجائے گٹارچھپ گیا۔

غلط انتخابی نشان کے چھپنے پر پیپلزپارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو شکایت کردی گئی ہے۔

دادو میں پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے

کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی
شائع 15 جنوری 2023 11:35am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ آج نیوز
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ آج نیوز

دادو میں گورنمنٹ پائلٹ ہائی اسکول پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا ہے، کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔

گورنمنٹ پائلٹ ہائی اسکول پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی دیکھنے میں آئی ہے، تلخ کلامی پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی پیر مجیب الحق کا کارکنوں کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کرنے پر پیش آئی۔

پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی پیر مجیب الحق کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے روک دیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے اعتراض پر پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی پیر مجیب الحق کارکنوں کو روک کر اکیلے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوئے ۔

سردار عاشق زئونر ضلع صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق ووٹر کو اکیلے ہی پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ کے اندر جانا ہوتا ہے ۔

بلدیاتی انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے، سعید غنی

ایم کیوایم کا انتخابات سے بائیکاٹ ان کا اپنا فیصلہ ہے، رہنما پیپلز پارٹی
اپ ڈیٹ 15 جنوری 2023 11:47am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آج نیوز
فوٹو۔۔۔۔۔۔ آج نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے۔

ووٹ کاسٹ کرنے اپنے حلقے کے علاقے چنیسر گوٹھ پہنچنے والے سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے، کراچی میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایم کیو ایم سے متعلق سوال پرسعید غنی کا کہناتھا کہ انتخابات سے بائیکاٹ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی شہر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے گی، شہر کراچی بھٹو کا ہے، نتائج اس بات کو ثابت کردیں گے، اب میئر کراچی پیپلزپارٹی کا جیالا ہوگا۔

جماعت اسلامی نے ایم کیو ایم کا تعاقب کیا اورکہیں کا نہ چھوڑا، حافظ نعیم الرحمان

"عملہ وقت پر پولنگ اسٹیشنز نہیں پہنچا یہ الیکشن کمیشن، حکومت کی نااہلی ہے"
شائع 15 جنوری 2023 11:17am
اسکرین گریب - آج نیوز
اسکرین گریب - آج نیوز

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے کچھ کیا ہوتا تو بائیکاٹ نہ کرتے، جماعت اسلامی نے ان کا تعاقب کیا اور انہیں کہیں کا نہ چھوڑا اور یہ الیکشن سے فرار ہوگئے۔

حافظ نعیم الرحمان علیمہ گورنمنٹ اسکول پہنچے جہاں انہوں نے نارتھ ںاظم آباد یوسی 8 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عملہ وقت پر پولنگ اسٹیشنز نہیں پہنچا یہ الیکشن کمیشن اور حکومت کی نااہلی ہے، جہاں پولنگ تاخیر سے ہوئی وہاں وقت بڑھایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت دشمن ناکام ہورہے ہیں جماعت اسلامی پورے شہرمیں سوئپ کررہی ہے کچھ عناصرآبادیوں میں خوف پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں یہاں پولیس، رینجرز، حکومت اورالیکشن کمیشن کا کام شروع ہوتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ معلوم دہشتگردوں کو واشنگ مشین سے گزار کر دھونے کا عمل شروع ہوجاتا ہے، کوئیک ریسپانس فورس کی موومنٹ نظر آنی چاہئے،ایک دو مقامات پر کچھ کیمپوں کو جلایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پولیس، رینجرز، حکومت اور الیکشن کمیشن کا کام شروع ہوتا ہے، معلوم دہشتگردوں کو واشنگ مشین سے گزار کر دھونے کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک دو مقامات پر کچھ کیمپوں کو جلایا گیا، کیمپوں کو جلانے کا جواب بھرپور پولنگ سے دے رہے ہیں، رسی جل جاتی ہے لیکن بل نہیں جاتے، اس لئے معلوم دہشتگردوں کو فوری طور پر فکس کرنے کی ضرورت ہے۔

حیدرآباد، بند پولنگ اسٹیشن پر پی پی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

پولنگ اسٹیشن پرکوئی انتخابی عملہ موجود نہیں، پیپلزپارٹی
شائع 15 جنوری 2023 11:02am

حیدرآباد میں انتخابی عمل کے دوران بے ضابطگیاں سامنے آنے پر پاکستان پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

شاہ لطیف آباد ٹاؤن کی یوسی 114 کے وارڈ نمبر 3 کا پولنگ اسٹیشن بند ہوگیا جبکہ پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن پرکوئی انتخابی عملہ موجود نہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی الیکشن سیل کے انچارج تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابی بے ضابطگی کے معاملے سے آگاہ کردیا ہے۔

ضلع شرقی میں سُست پولنگ سے پریشان ووٹرز واپس جانے لگے

اکثر پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز طویل قطاروں میں لگے ہیں
شائع 15 جنوری 2023 10:39am
تصویر/ نمائندہ آج نیوز
تصویر/ نمائندہ آج نیوز

کراچی کے ضلع شرقی یو سی 8 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 10 اور11 میں ووٹرز پریشانی کا شکارہیں۔

ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والوں کو آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک قطارمیں لگ کرانتطار کرنا پڑ رہا ہے۔

ووٹرز کا کہنا ہے ووٹنگ کا سلسلہ بہت سست روی کا شکار ہے۔

تاخیر کے باعث اکثر ووٹرز ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی واپس جانے لگے۔

بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے بعد ایم کیو ایم کو شیخ رشید کا مشورہ

'زرداری ایک کو لندن دوسرے کو رائیونڈ چھوڑ کر آئیں گے'
شائع 15 جنوری 2023 10:37am

سربراہ عوامی مسلم لیگ اورسابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم الیکشن بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ حکومتی اتحاد سے بھی باہرنکلے۔ عمران خان نے سیاست کا انداز بدل دیا ہے۔

حلقہ بندیوں پرتحفظات کا اظہاراورالیکشن کےالتوا کا مطالبہ کرنے والی ایم کیو ایم نے گزشتہ رات کراچی اورحیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

اس پرتبصرہ کرنے والے شیخ رشید نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کی جنم جنم کی مخالف ہے۔ایم کیوایم الیکشن بائیکاٹ کے ساتھ حکومتی اتحاد سے بھی باہر نکلے۔

ن لیگ کے مستقبل کی پیشگوئی کرنے والے شیخ رشید کے مطابق شہبازشریف کو بھی اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا۔نوازشریف بھی واپس نہیں آئیں گے اوران کی سیاست پر قل پڑھا جائے گا۔ کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوچکا ہے، 15 اپریل تک جنرل الیکشن شیڈول بھی آجائے گا۔

انہوں نے لکھا کہ عمران خان نے سیاست کا انداز بدل دیا ہے۔

ن لیگ کی اہم اتحادی پیپلزپارٹی کے حوالے سے شیخ رشید نے لکھا کہ زرداری ن لیگ سے پرانا حساب پورا کررہے ہیں، وہ ایک کو لندن دوسرے کو رائیونڈ چھوڑ کر آئیں گے۔ پی ڈی ایم کو مقابلے پرآنے کا مشورہ دیتے ہوئے سابق وزیرداخلہ نےمتنبہ کیا کہ بصورت دیگر کہ داستان پارینہ بن جائے گی۔

شیخ رشید نے ملکی معاشی صورتحال کے تناطرمیں لکھا کہ وزیرخزانہ کے بیان کے بعد فارن کمرشل اکاؤنٹ بھی لوگوں نے خالی کرنا شروع کردیے ہیں۔ ایک طرف آٹے کی لائن ہوگی تو دوسری طرف بینک کے شٹرڈاؤن ہوں گے۔

کراچی بلدیاتی انتخابات: اوور سیز پاکستانی بھی ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے

ضلع ایسٹ کے یوسی 8 میں اوور سی ووٹر نے ووٹ کاسٹ کیا
شائع 15 جنوری 2023 10:32am
فوٹو۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔ فائل

کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ جاری ہے، اس سلسلے میں اوور سیز پاکستانی بھی اپنا قیمتی ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے ۔

ضلع ایسٹ کے حسین ہزارہ گوٹھ کے یوسی 8 میں اوور سی ووٹر نے ووٹ کاسٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 15 سال سے آسٹریلیا میں مقیم ہوں، صرف بلدیاتی الیکشن کے لئے کراچی آیا ہوں، دعا کرتا ہوں کہ ایسا نمائندہ منتخب ہو جو کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائے۔

بلدیاتی انتخابات: صبح سویرے پولیس اہلکاروں کو ناشتہ فراہم

پولیس اہلکاروں کو گرما گرم چائے پیش
شائع 15 جنوری 2023 10:29am
تصویر - آج نیوز
تصویر - آج نیوز
تصویر - آج نیوز
تصویر - آج نیوز
تصویر - آج نیوز
تصویر - آج نیوز

کراچی کے ضلع ملیرمیں بلدیاتی انتخابات کی سیکورٹی پرمامور پولیس اہلکاروں کو ناشتہ فراہم کیا گیا۔

ایس ایس پی ملیرعرفان بہادرنے کہا کہ ملیرکے تمام پولنگ اسٹیشنوں پرتعینات پولیس اہلکاروں کو ناشتہ کرادیا گیا اورڈیوٹی پرموجود تمام پولیس اہلکاروں کو گرما گرم چائے بھی پیش کی گئی۔

یاد رہے کہ ملیر کے حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز اور ایف سی کی نفری بھی تعینات ہے جبکہ ضلع میں حساس ترین پولنگ اسٹیشن نمبر8 جبکہ حساس پر 4 پولیس اہلکار تعینات کیے ہیں۔

بدین میں پیپلزپارٹی کے حامیوں کا پولنگ ایجنٹ پر ڈنڈوں سے تشدد

یونین کونسل 37 میرغلام محمد تالپور پر تصادم میں پولنگ ایجنٹ زخمی
شائع 15 جنوری 2023 10:22am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل

بدین کی یونین کونسل 37 میرغلام محمد تالپور پر تصادم کے نتیجے میں پولنگ ایجنٹ عبدالقادر انڑ زخمی ہوگیا۔

پولنگ ایجنٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوارکے حامیوں نے ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولنگ ایجنٹ عبدالقادر نے کہا کہ مجھے پولنگ اسٹیشن سے سے نکال دیا گیا۔

تحریک انصاف کا میئر آئے گا تو لگ پتہ جائے گا، علی زیدی

اب کراچی دیکھےگاکہ ترقی کیاہوتی ہے،رہنما پی ٹی آئی
شائع 15 جنوری 2023 09:58am
جوضمنی الیکشن ہوئےجماعت اسلامی کا امیدوار تک نہیں تھا، علی زیدی - اسکرین گریب / فیس بک
جوضمنی الیکشن ہوئےجماعت اسلامی کا امیدوار تک نہیں تھا، علی زیدی - اسکرین گریب / فیس بک

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا میئر آئے گا تو لگ پتہ جائے گا، پی پی نے حلقہ بندیاں کیں، اس کے خلاف ہم بھی جائیں گے، ایم کیو ایم کا سیاسی طور پر کام پورا ہو چکا ہے۔

علی زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی، حیدرآباد میں اپنا میئر الیکٹ کرنے جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم والے آصف زرداری سے ملنے چلے گئے ان کے پاس امیدوار ہی نہیں ایم کیوایم کو پولنگ ایجنٹ بنانے کیلیے کوئی نہیں مل رہا تھا۔

علی زیدی نے کہا کہ اب کراچی دیکھے گا کہ ترقی کیا ہوتی ہے جب تحریک انصاف کا میئر آئے گا تو لگ پتہ جائے گا پی پی نے حلقہ بندیاں کیں، اس کے خلاف ہم بھی جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جوضمنی الیکشن ہوئے جماعت اسلامی کا امیدوار تک نہیں تھا، متحدہ نے پی ڈی ایم معاہدے کے وقت حلقہ بندیوں کا ذکرنہیں کیا، کھالیں چھیننے والے میئرشب خیرات میں دیں گے، ایم کیو ایم کا سیاسی طور پر کام پورا ہو چکا ہے۔

ڈسٹرکٹ ملیرکے 119پولنگ اسٹیشن حساس قرار، اضافی نفری تعینات

8 بجے پولنگ اسٹیشن پہنچنے والے کئی ووٹرز واپس لوٹ گئے
شائع 15 جنوری 2023 09:41am
تصویر/ اے ایف پی فائل
تصویر/ اے ایف پی فائل

ملیرکے حساس پولنگ اسٹیشن پر تعیناتی کے لئے پولیس و رینجرز کی بھاری اضافی نفری پہنچ گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ملیرمیں 119 پولنگ اسٹیشن کو حساس قراردیا گیا جبکہ ووٹرز کا کہنا تھا کہ 8 بجے پولنگ اسٹیشن پہنچنے والے کئی ووٹرز واپس لوٹ گئے جبکہ 9 بھی بجے تک بھی ووٹنگ کا عمل شروع نہیں ہوا ہے۔

ووٹرز نے مزید کہا کہ ہم اب واپس جارہے ہیں، دوبارہ آئیں گے، جبکہ یو سی 8 پولنگ اسٹیشن 106 میں اب تک صرف 2 ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر نے مختلف پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، ان کا کہنا تھا کہ ملیر کے تمام پولنگ اسٹیشننزپرپولنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کیلئے 4 ہزارسے زائد اہلکارتعینات ہیں پولیس، رینجرزاور پاک آرمی کے جوان ڈیوٹی پر ہیں۔

بلدیاتی انتخابات: ووٹرز ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی واپس لوٹ گئے

کراچی میں جمشید روڈ پر پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار
اپ ڈیٹ 15 جنوری 2023 10:01am
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے پولنگ جاری ہے۔

کراچی میں جمشید روڈ کے پولنگ اسٹیشنزپر پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے، جس کے باعث ووٹرز ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔

اسی طرح گلشن یو سی 6 میں بھی پولنگ عملہ نہ پہنچ سکا، ووٹر پولنگ اسٹیشن کے باہر انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔

بلدیاتی الیکشن: ضلع سینٹرل میں سیکیورٹی کیلئے نجی گارڈز کی خدمات لے لی گئیں

پولیس کی نفری کم ہونے کے باعث نجی کمپنی کے گارڈز بھی ڈیوٹی دے رہے ہیں
شائع 15 جنوری 2023 09:17am
تصویر/ نمائندہ آج نیوز
تصویر/ نمائندہ آج نیوز
تصویر/ نمائندہ آج نیوز
تصویر/ نمائندہ آج نیوز

کراچی کے ضلع سینٹرل میں پولیس کی نفری میں کمی کے باعث نجی کمپنی کے گارڈز کو تعینات کیا جارہا ہے۔

ضلع سینٹرل میں گارڈز کو پولیس موبائل کے ذریعے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی کے لئے بھیجا جارہا ہے، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، کراچی، حیدرآباد اور دادو میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو بغیر کسی وقفے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔