Aaj News

بدھ, مئ 08, 2024  
29 Shawwal 1445  

پنجاب کا نیا وزیر داخلہ کون ہوگا؟ عمران خان کے سامنے 3 نام پیش

عمران خان نئے وزیر داخلہ کے نام کا فیصلہ کریں گے۔۔۔
شائع 11 اکتوبر 2022 08:09pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب کے نئے وزیر داخلہ کے لئے مختلف ناموں پر مشاورت شروع ہوچکی ہے، وزرات داخلہ کیلئے راجہ بشارت، عمر سرفراز چیمہ اور اسلم اقبال کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نئے وزیر داخلہ کے نام کا فیصلہ کریں گے۔

پنجاب کے موجودہ وزیر داخلہ کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے اپنا استعفا وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو پیش کردیا ہے۔

کسی کو وفاق پر حملہ کرنے کی جازت نہیں دی جاسکتی: وزیر داخلہ

وفاق پر ممکنہ چڑھائی کے حوالے سے حکمت عملی پر غور۔۔
شائع 11 اکتوبر 2022 07:26pm
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ (فوٹو: پی آئی ڈی/فائل)
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ (فوٹو: پی آئی ڈی/فائل)

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، کسی سیاسی گروہ یا جماعت کو وفاق پر حملہ کرکے ریاست کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ شہر اقتدار پر کسی سیاسی جماعت کے ممکنہ لانگ مارچ کوروکنے کیلئے حکمت عملی بنا دی گئی ہے، کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی کہ دارالحکومت پرحملہ کرکے ریاست کو مفلوج بنائے۔

اجلاس میں وفاق، پنجاب ، کے پی، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیرکے چیف سیکریٹریز اورآئی جیزسمیت چیف کمشنر اسلام آباد نے شرکت کی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے وفاق پر ممکنہ چڑھائی کے حوالے سے حکمت عملی پر غورکے بعد شرکاء بے وفاق پرممکنہ حملے کی صورت میں آئین اورقانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کی طرف سے وفاق پر چڑھائی کےغیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت ،گروہ یا مسلحہ جتھے کو وفاق پر حملہ آور ہونے اورریاست کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیر داخلہ واضح کیا کہ وفاق اور اس کی اکائیاں مل کر ایسے غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں گے۔

پرویز الہیٰ کی لندن سے واپسی، وزیرِ داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر مستعفی

میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے استعفا دیا، ہاشم ڈوگر
اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2022 09:08pm
تصویر بزریعہ اے پی پی
تصویر بزریعہ اے پی پی

وزیرِ داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا۔

ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ آج میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے استعفا دے دیا، تاہم پی ٹی آئی کے ادنیٰ کارکن کے طور پر کام کرتا رہوں گا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے نام لکھے گئے استعفے میں ہاشم ڈوگر نے لکھا کہ صحت کے مسائل اور ذاتی مصروفیات کی وجہ سے وہ مزید عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے۔

چند روز قبل وزیر داخلہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ لانگ مارچ ہوا تو پنجاب حکومت لانگ مارچ کے شرکاء کو کوئی سہولت فراہم نہیں کرے گی، تاہم شرکاء کو سیکیورٹی ضرور فراہم کی جائے گی۔

جس کے بعد سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ہاشم ڈوگر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ہاشم ڈوگر کا استعفیٰ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے کہ جب وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ منگل کو لندن سے پاکستان واپس پہنچے ہیں۔

لندن میں حالیہ دنوں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین علیم خان اور عون چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقاتیں کی ہیں۔

یہ گندی گندی ویڈیوز تیار کر رہے ہیں: عمران خان

ڈیپ فیک آڈیو لیک اور فون ٹیپ کرنے پر سپریم کورٹ جا رہا ہوں
شائع 11 اکتوبر 2022 06:09pm
فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ مجھے گندا کرنے کے لئے یہ لوگ گندی گندی ویڈیوز تیار کر رہے ہیں۔

ننکانہ صاحب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کے خلاف باہر سے سازش ہوئی جس کے تحت مجھے ہٹا کر ان کی نوکری کرنے والا وزیراعظم لایا گیا۔ . انہوں نے کہا کہ یہ سارے چور جمع ہو کر کسی نہ کسی طرح یہ مجھے عوام کے سامنے گندا ثابت کرنے کے لئے ڈیپ فیک ویڈیوز تیار کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ڈیپ فیک آڈیو لیک اور فون ٹیپ کرنے پر سپریم کورٹ جا رہا ہوں، وزیراعظم آفس اور اس کے گھر کی سیکور لائن کو کس نے ٹیب کرکے لیک کیا۔

انہوں نے کہا کہ جو مراسلہ چھپایا گیا تھا وہ سامنے آگیا ہے، سائفر کی تحقیقات کے لئے کمیشن حکومت نہیں بنائے گی، اسی لئے تحقیقات جوڈیشل کمیشن کے ذریعے ہونی چاہئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی کی غلامی کرنے کو تیار تھے اور نہ ان چوروں کو این آراو دینا چاہتے تھے۔

فارن فنڈنگ کیس: عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج

ملزمان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی، ایف آئی آر
شائع 11 اکتوبر 2022 05:52pm
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کارپوریٹ بینکنگ سرکل کی جانب سے درج کئے گئے مقدمے میں کہا گیا کہ ملزمان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔

مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نجی بینک اکاونٹ کے بینفشری ہیں، پی ٹی آئی کا نجی بینک میں اکاؤنٹ تھا۔ نیا پاکستان کے نام پر بینک اکاؤنٹ بنایا گیا۔

مقدمے میں سردار اظہر طارق، سیف اللہ نیازی، سید یونس، عامر کیانی، طارق شیخ اور طارق شفیع کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق نجی بینک کے مینیجر کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے، بینک مینجر نے غیرقانونی بینک اکاؤنٹ آپریٹ کرنے کی اجازت دی، نجی بینک کے سربراہ نے مشتبہ غیر قانونی تفصیلات میں مدد کی۔

متن کے مطابق بینک اکاؤنٹ میں ابراج گروپ آف کمپنی سے 21 لاکھ ڈالر آئے، ابراج گروپ نے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے، ووٹن کرکٹ کلب سے دو مزید اکاونٹ سے رقم وصول ہوئی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے عارف نقوی کا الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کرایا جو جھوتا اور جعلی ہے۔