Aaj News

جمعرات, مئ 16, 2024  
07 Dhul-Qadah 1445  

علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا اظہارافسوس

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی )کے سربراہ علامہ خادم...
شائع 20 نومبر 2020 09:20am

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی )کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اورمرحوم کے درجات بلندی کیلئے دعا کی۔

وزیراعظم نے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے علامہ خادم حسین کے اہل خانہ سے تعزیت کا بھی اظہار کیا ۔

آرمی چیف کاعلامہ خادم حسین رضوی کی وفات پراظہارافسوس

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر گہر ے رنج کا اظہار کیا ۔

آرمی چیف نے علامہ خادم حسین رضوی کیلئے دعائیہ کلمات استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے، آمیں۔

خادم حسین رضوی کے انتقال پرسیاسی اور مذہبی رہنماؤں کا افسوس کا اظہار

دوسری جانب تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک سچے عاشق رسول سے محروم ہوگیا۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے بلند درجات کی دعا کی۔

سراج الحق نے کہا کہ خادم حسین رضوی کی اچانک وفات سے دلی صدمہ پہنچا ہے، اہل خانہ اور تحریک لبیک کے کارکنان اور ذمہ داران کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،اظہار تعزیت کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے حضو ر ان کی مغفرت کیلئےدعا گو ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور علامہ طاہر اشرفی نے بھی سربراہ تحریک لبیک کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔

گورنر پنجاب اور چوہدری برادران کہتے ہیں مرحوم کی دین اسلام کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔