Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

پاک جنوبی افریقہ سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان

لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل...
شائع 16 جنوری 2021 06:44pm

لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اعلان کردہ پینل میں شامل دونوں آن فیلڈ امپائرز علیم ڈار اور احسن رضا پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ ریفری جاوید ملک بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ فارمیٹ میں میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2003 میں ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کی تھی جبکہ انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا اب تک 37 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز کے رکن جاوید ملک اب تک 10 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں اور 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین دونوں ٹیسٹ میچوں میں تھرڈ اور فورتھ امپائر کے فرائض آصف یعقوب اور راشد ریاض انجام دیں گے۔

سیریز میں شامل دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 فروری کوپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

آئی سی سی کے ہر طرز کی کرکٹ سے متعلق عبوری ضوابط کے مطابق حالیہ لاجسٹک چیلنجز کی وجہ سے ٹیسٹ میچ میں تیسرے ملک کے میچ آفیشل کی تقرری سے متعلق شرط ختم ہوچکی ہے تاہم آئی سی سی اب بھی اپنے ایلیٹ اور انٹرنیشنل پینل میں موجود آفیشلز کی ہی تقرری کررہا ہے۔

دونوں ممالک کیلئے 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں بھی پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ میچ ریفری جاوید ملک ہی ہوں گے۔ علیم ڈار اور احسن رضا یہاں بھی پہلے میچ میں آن فیلڈ امپائرز کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں گے جبکہ شوزب رضا ٹی وی امپائر اور آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کیلئے شوزب رضا اور آصف یعقوب کو آن فیلڈ امپائرز جبکہ احسن رضا اور راشد ریاض کو بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائرز مقرر کیا گیا ہے۔ آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کیلئے علیم ڈار اور راشد ریاض کی بطور آن فیلڈ امپائرز جبکہ احسن رضا اور شوزب رضا کی بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائرز تقرری کی گئی ہے۔

علیم ڈار:

آئی سی سی ایلیٹ پینل کے رکن علیم ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کھیلے جانے والے کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کیلئے تقرری ان کیلئے ایک جذباتی لمحہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں مگر بالآخر 17 سال بعد وہ لمحہ بھی آگیا ہے کہ انہیں پہلی مرتبہ اپنے ملک میں کھیلے جانے والے کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کا موقع مل رہا ہے۔

علیم ڈار نے کہا کہ ایک کھلاڑی کی طرح میچ آفیشلز بھی اپنے ہوم گراؤنڈ میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے منتظر ہوتے ہیں اور وہ محدود طرز کی کرکٹ میں یہ لمحہ دیکھ بھی چکے ہیں مگر ٹیسٹ کرکٹ کھیل کا سب سے اہم فارمیٹ ہے، وہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دونوں ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھانے کے منتظر ہیں۔

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ سیریزکیلئے میچ آفیشلز کی تقرری:

چھبیس تا تیس جنوری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی:

علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ امپائرز) ، آصف یعقوب (تھرڈ امپائر) ، راشد ریاض (فورتھ امپائر)۔ محمد جاوید ملک (میچ ریفری)

چار تا آٹھ فروری: دوسرا ٹیسٹ بمقام پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی:

علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ امپائرز) ، آصف یعقوب (تھرڈ امپائر) ، راشد ریاض (فورتھ امپائر)۔ محمد جاوید ملک (میچ ریفری)

گیارہ فروری: پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور:

علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ امپائرز) ، شوزب رضا (تھرڈ امپائر) ، آصف یعقوب(فورتھ امپائر)۔ محمد جاوید ملک (میچ ریفری)

تیرہ فروری: دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور:

شوزب رضا اور آصف یعقوب (فیلڈ امپائرز) ، احسن رضا (تھرڈامپائر) ، راشد ریاض (فورتھ امپائر)۔ محمد جاوید ملک (میچ ریفری)

چودہ جنوری: تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور:

علیم ڈار اور راشد ریاض (آن فیلڈ امپائرز) ، احسن رضا (تھرڈامپائر) ، شوزب رضا (فورتھ امپائر)۔ محمد جاوید ملک (میچ ریفری)

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div