Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

سابق امریکی صدر بش کا پاکستانی شخصیت کا پورٹریٹ بنا کر خراج عقیدت

امریکا کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے مشہور پاکستانی نژاد امریکی...
شائع 28 فروری 2021 01:08pm

امریکا کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے مشہور پاکستانی نژاد امریکی شخصیت سید جاوید انور کا پورٹریٹ بنا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سید جاوید انور کا شمار امریکا کے کامیاب بزنس مینز میں ہوتا ہے جنہوں نے سالوں کی انتھک محنت سے یہ مقام حاصل کیا۔

امریکا کی مشہور کاروباری شخصیت سید جاوید انور پاکستان کے شہر کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم یہی سے حاصل کی۔

سید جاوید انور 1970ء کی دہائی میں اعلیٰ تعلیم کی غرض سے امریکا چلے گئے تھے۔ کہتے ہیں امریکا پہنچنے کے ابتدائی سالوں میں ان کے حالات اتنے خراب تھے کہ انھیں اپنی فیس ادا کرنے کیلئے بھی لوگوں سے ادھار لینا پڑا تھا۔

تاہم سید جاوید انور نے اپنی انتھک محنت سے ناصرف اپنی تعلیم مکمل کی بلکہ امریکا کی کامیاب کاروباری شخصیت بن کر پاکستان کا نام بھی روشن کیا۔ امریکا بھر میں انھیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے بیرون ملک جو حیران کن کامیابیاں حاصل کیں وہ ان کی مسلسل محنت کی عکاس اور نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔

سابق امریکی جارج ڈبلیو بش بھی سید جاوید انور کو بہت قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ جارج بش اور سید جاوید انور کے درمیان تعلق 1995ء کے انتخابات کے دوران ہوا جب وہ ریاست ٹیکساس سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔

کہتے ہیں کہ سید جاوید انور نے ہی جارج ڈبلیو بش کے ذہن میں یہ بات ڈالی تھی کہ وہ اپنی نظریں امریکا کا صدر بننے پر مرکوز کریں۔

سید جاوید انور کا سابق امریکی صدر بش سینئر کے ساتھ بہت اچھا تعلق تھا، دونوں دراصل بہت ہی اچھے دوست تھے۔ انہوں نے بش سینئر کہ آخری رسومات میں بھی شرکت کی تھی۔