Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

رانا ثناءاللہ منشیات کیس: بریت کی درخواستوں پرکارروائی ہو، پھر فرد جرم بھی عائد کرینگے، جج

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے وکیل نے نشاندہی کی کہ 2 سال سے فرد جرم عائد نہیں ہوئی
شائع 12 مارچ 2022 12:17pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ کیخلاف منشیات سمگلنگ کیس کی سماعت میں ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلاٸل کیلئے وکلا کو طلب کرلیا۔

انسداد منشیات عدالت لاہور کے جج شیخ نعیم نے سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ کیخلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران رانا ثنا اللہ کے وکیل نے حاضری معافی کی درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل تحریک عدم اعتماد کی وجہ سے اسلام آباد میں مصروف ہیں، تو حاضری سے استثنی دیا جائے۔

عدالت نے رانا ثنا اللہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلا کو ملزموں کی بریت کی درخواستوں پر دلائل کیلئے پابند کر دیا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے وکیل نے نشاندہی کی کہ 2 سال سے فرد جرم عائد نہیں ہوئی تاہم عدالت نے قرار دیا کہ پہلے بریت کی درخواست پر کارروائی ہو جائے پھر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت نے سابق وزیر قانون کیخلاف مقدمے پر کارروائی 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔