Aaj News

منگل, مئ 21, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  

برازیل میں شکست خوردہ صدر کے حامیوں نے فوجی کمانڈ کا گھیراؤ کر لیا

فوج سے نومنتخب صدر لولا ڈی سلوا کا راستہ روکنے کا مطالبہ
شائع 03 نومبر 2022 11:41am
مظاہرین نے 126 مقامات پر ہائی ویز بند کر رکھی ہیں۔
مظاہرین نے 126 مقامات پر ہائی ویز بند کر رکھی ہیں۔

برازیل کے حالیہ صدارتی انتخابات میں شکست کھانے والے صدر بولسونارو کے لاکھوں حامیوں نے ملک کے ایک بڑے شہر ریو ڈی جینیرو میں علاقائی فوجی ہیڈکوارٹرز کا گھیراؤ کر لیا ہے۔ مظاہرین فوج نے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ الیکشن جیتنے والے لولا ڈی سلوا کا راستہ روکے اور بولسونارو کو صدر کے منصب پر برقرار رکھا جائے۔

لولا ڈی سلوا جو 2003 سے 2010 تک برازیل کے صدر رہ چکے ہیں کرپشن پر جیل جانے اور نااہل قرار دیئے جانے کے سبب 2018 کے الیکشن سے باہر ہو گئے تھے تاہم گذشتہ برس عدالتوں نے ان کی نااہلیت اور سزا ختم کردی جس کے بعد انہوں نے اس اتوار کو منعقدہ الیکشن میں حصہ لیا اور معمولی اکثریت سے جیت گئے۔ بولسونارو نے تاحال اپنی شکست قبول نہیں کی۔

سڑکیں بند کرنے سے مظاہرے غیرقانونی ہو جائیں گے، صدر بولسونارو

بولسونارو فوج کے سابق کپتان ہیں اور ان کے حامی لولا ڈی سلوا کو ”چور“ قرار دیتے ہیں۔

بولسونارو کی شکست کے بعد ابتدا میں خبریں آئی تھی کہ شکست قبول نہ کرنے کے باوجود انہوں نے انتقال اقتدار پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ تاہم انتخابی نتائج آتے ہی ان کے حامیوں نے مظاہرے شروع کردیئے جن میں اب شدت آگئی ہے۔

برازیل بھر میں بولسونارو کے حامی سڑکیں بلاک کیے ہوئے ہیں اور ”مسلح افواج برازیل کی بچاؤ“ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی ویز کھلی رکھنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ریڈیو جنیوا کے مطابق ریو ڈی جینیریو فوجی کمانڈ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر مظاہرے میں ڈھائی لاکھ مظاہرین شریک ہیں جن کا کہنا ہے کہ ”ہم کرپٹ کرمنل کو اپنے اوپر حکمرانی نہیں کرنے دیں گے۔“

ٹوئٹر پر ریڈیو جنیوا کے ہینڈل سے مظاہرے کی ویڈیوز اور تصاویر جاری کی گئیں جن میں بڑی تعداد میں لوگ دکھائی دے رہے ہیں۔

نااہلیت اور قید بھگتنے والے لولا ڈی سلوا پھر برازیل کے صدر بن گئے

ڈرون کیمرے سے لی گئی ایک ویڈیو میں شہر کے اس اہم علاقے میں سڑکوں پر لوگ ہی لوگ دکھائی دے رہے ہیں۔

صدر بولسونارو نے ایک تازہ بیان میں مظاہرین سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر رکاوٹیں ختم کر دیں۔ ایک ویڈیو پیغام میں بولسونارون نے کہاکہ ”میں جانتا ہوں آپ پریشان ہیں، میں بھی ہوں۔ لیکن ہمیں اپنے سر اونچے رکھنے ہیں۔ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں، ہائی ویز کو خالی کر دیں۔“

بولسونارو نے اپنے پیغام میں کہا کہ سڑکیں بلاک کرنے کے نتیجے میں مظاہرے غیرقانونی اور ناجائز ہو جائیں گے اور وہ یہ نہیں چاہتے۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ فیڈرل ہائی وے پولیس کو سڑکیں کھولنے پر لگا دیا گیا ہے۔

فیڈرل ہائی وے پولیس کے مطابق مظاہرین نے 126 مقامات پر سڑکیں مکمل یا جزوی طور پر بند کر رکھی ہیں۔