Aaj News

پیر, مئ 06, 2024  
27 Shawwal 1445  

گوادر میں احتجاج اور گرفتاریاں، بلوچستان ہائیکورٹ حکومتی اقدامات پر برہم

حکومت کیوں ایسے غیر قانونی اقدامات کررہی ہے، جسٹس ہاشم کاکڑ
شائع 05 جنوری 2023 04:48pm

بلوچستان ہائیکورٹ میں حق دو تحریک کے احتجاج کے دوران گوادر میں ہونے والی گرفتاریوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے حکومتی اقدامات پر برہمی کا اظہار کیا۔

درخواست کی سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس شوکت رخشانی نے کی اور ایڈووکیٹ جنرل آصف ریکی اور درخواستگزار کے وکیل راحب بلیدی عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت ایڈووکیٹ راجب بلیدی نے کہا کہ حکومت نے تربت اور گوادر میں فورسز کا بے دریغ استعمال کیا، بے قصور 300 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

وکیل راحب بلیدی نے کہا کہ گوادر کے شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی میں بھی مسائل ہیں۔

عدالت نے حکومتی اقدامات پر برہمی کا اظہار کیا، جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئے کہ حکومت کیوں ایسے غیر قانونی اقدامات کررہی ہے۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ مظاہرین حق کے لئے احتجاج کررہے ہیں ان پر مظالم کیوں کئے۔ جس پر ایڈووکیٹ جنرل آصف ریکی نے جواب دیا کہ احتجاج کی آڑ میں کارِسرکار میں مداخلت اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، ان لوگوں نے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنایا، انٹرنیٹ سسٹم کو جلایا، بلوہ کیا ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ یہ ایم پی او کا کیا طریقہ ہے، ان کے خلاف کیس کر کے کارروائی کریں، بے گناہوں کو کیوں پریشان کر رہے ہیں۔

جس پر آصف ریکی نے کہا کہ ہم نے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے ہیں، ان کی تفصیلات بھی پیش کریں گے۔

عدالت نے مزید کہا کہ یہ جس ڈی سی نے ایم پی او جاری کئے ہیں اس کو مشکلات آجائیں گی۔ عدالت نے ریمارکس دئے کہ حکومت اور انتظامیہ کی نالائقی اور نااہلی ہے کہ وہ ایسے معاملات کو نہیں سنبھال سکتی۔

عدالت نے چیف سیکریٹری، سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، گوادر اور تربت کے ڈی سیز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت دس روز کیلئے ملتوی کر دی۔

Gwadar

Balochistan High Court

Haq do Tehreek

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div