Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کیلئے بہن فوزیہ صدیقی کو امریکی ویزا مل گیا

امریکی جیل میں عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے رواں ماہ کے آخر میں 3 دن مقرر کردیے گئے، وکیل
شائع 08 مئ 2023 06:15pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے ان کی بہن فوزیہ صدیقی کو 5 سال کا ویزا مل گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستان منتقلی کی درخواست پر سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ امریکہ میں ملاقات کے لیے عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو پانچ سال کا امریکی ویزہ مل گیا ہے۔

امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن فوزیہ صدیقی کب ملاقات کریں گی۔ درخواست گزارکے وکیل عمران شفیق نے عدالت کو بتایا کہ عافیہ صدیقی سے 29 سے 31 مئی تک تین دن کے دوران امریکی جیل میں ملاقات طے پا گئی ہے۔

فوزیہ صدیقی اور امریکی وکیل کلائیو اسمتھ عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لئے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر ہونا چاہیے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وزارت خارجہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لئے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر کی فراہمی میں مدد کرے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ جب کبھی کوئی مسئلہ ہو درخواست دیں اگلے دن عدالت سن لے گی۔

واضح رہے کہ پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی ایک سائنسدان ہیں جو امریکا کی جیل میں 86 سال قید کی سزا بھگت رہی ہیں، ان پر افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملے کا الزام ہے۔

مارچ 2003 میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے اہم کمانڈر اور نائن الیون حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کی گرفتاری کے بعد ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنے 3 بچوں کے ہمراہ کراچی سے لاپتہ ہوئیں۔

جس کے بعد 2008 میں امریکی حکومت نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کو افغان شہر غزنی سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ طالبان کے ساتھ مل کر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی تھیں۔

عافیہ صدیقی پر ستمبر 2010 میں مقدمہ چلایا گیا جس میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ایک امریکی فوجی سے رائفل چھین کر اس پر گولی چلائی لیکن وہ بچ گیا۔

امریکی عدالت میں 14 دن کے ٹرائل کے دوران عافیہ صدیقی نے بتایا کہ اس پر امریکیوں نے تشدد کیا لیکن ان کی سنوائی نہیں ہوئی۔ اقدام قتل کے الزام میں ڈاکٹر عافیہ کو 86 سال قید کی سزا سنائی گئی، یہ قید 30 اگست 2083 کو ختم ہوگی۔

afghanistan

United States

aafia siddiqui

Fowzia Siddiqui

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div