Aaj News

جمعرات, مئ 16, 2024  
07 Dhul-Qadah 1445  

سندھ میں آج سے ہیٹ ویو جیسی صورتحال ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

محکمہ موسمیات کی ملک کے کئی علاقوں میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی
اپ ڈیٹ 20 جون 2023 12:26pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی علاقوں میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ سندھ میں آج سے ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہے گا، اسلام آباد میں آج دن بھر موسم گرم رہے گا جبکہ رات میں آندھی چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنے ایک الرٹ میں خبردار کیا ہے کہ آئندہ پانچ روز تک ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ’منگل 20 جون سے 24 جون تک ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت میں چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔‘

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی اس شدت کی وجہ فضا میں ہوا کا زیادہ دباؤ ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سبی گرم ترین علاقہ تھا جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ جیکب آباد اور نوابشاہ میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران ان علاقوں کا درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا درجہ حرارت 39 ڈگری سے بڑھ کر 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

کراچی میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم حکام کے مطابق ’یہ فِیل لائیک 42 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گا اس لیے انتہائی محتاط رہیں۔‘

ادارے کے مطابق ’اس دوران کراچی میں جنوب مغرب کی جانب سے سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی تاہم ہوا میں نمی کا تناسب مزید بڑھنے سے گرمی کا احساس غالب رہے گا۔‘

پشاور میں بھی پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے جبکہ ہیٹ ویو کے اثرات گلگت بلتستان تک بھی محسوس کیے جائیں گے اور اس دوران گلگت کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

’20 جون سے 24 جون کے دوران بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں دن کا درجہ حرارت چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اوربلوچستان میں دن کا درجہ حرارت دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔‘

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی اس شدت کے دوران ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان تو ہے تاہم یہ بارش محض وقتی ریلیف ہی ثابت ہو گی۔

محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق ’درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب میں اضافے کا سامنا ہو گا‘ جبکہ عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دن کے وقت بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان، جنوبی پنجاب کے اکثر مقامات پر موسم شدید گرم رہے گا، مری ، گلیات سمیت خطہ پوٹھوہار میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ لاہور، نارووال، فیصل آباد ، ساہیوال، اوکاڑہ اور بہاولنگرمیں آندھی کی پیشگوئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر مقامات پر آج موسم خشک اور گرم رہے گا، دیر، مالاکنڈ، سوات ، کوہستان ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

گلگت بلتستان میں آج موسم خشک اور جزوی ابر آلود رہے گا، آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے اکثر مقامات پر موسم خشک رہے گا، جنوبی علاقوں میں شدید گرمی متوقع ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید گرم رہے گا۔ صوبے میں آج سے ہیٹ ویو جیسی صورتحال ہونے کا امکان ہے۔

Heat Waves

Pakistan Meteorological Department

Drinking Water