Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

چمن: قیدیوں کی جیل اہلکاروں پر فائرنگ، سنگین مقدمات میں ملوث متعدد قیدی فرار

فائرنگ سے ایک جیل اہلکار بھی زخمی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک اور دو زخمی
اپ ڈیٹ 29 جون 2023 06:25pm
تصویر: ٹوئٹر/غلام اختر
تصویر: ٹوئٹر/غلام اختر

چمن میں قیدیوں نے جیل اہلکاروں پر فائرنگ کردی، اور فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سب جیل سے سنگین مقدمات میں ملوث متعدد قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق قیدیوں نے نماز عید کیلئے بیرک سے نکلتے ہوئے جیل اہلکار سے رائفل چھین کر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

بیرک انچارج نے بتایا کہ صبح پانچ بج کر 10 منٹ پر بیرک نمبر 1،2،3 میں قیدیوں کو فجر کی نماز کے لیے مسجد لے جارہے تھے، بیرک نمبر 4 میں 302 اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان قید تھے، بیرک نمبر 4 کے قیدیوں کو نماز پڑھنے کیلئے نکالا تو سب نے ایک ساتھ حملہ کردیا۔

جیل حکام کے مطابق پولیس والے کم تھے اور 20 سے 25 قیدیوں نے مین گیٹ کے باہر کھڑے اہلکار سے کلاشنکوف چھین کر فائرنگ کر دی، فائرنگ سے ایک جیل اہلکار نعمت زخمی ہو گیا۔

جیل حکام نے بتایا کہ قریب کے تھانوں میں فوری اطلاع کردی گئی، جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چمن شہر کے مختلف علاقوں بارڈر سے ملحقہ ان میں سرچ آپریشن شروع کردیا، گلدار باغیچہ میںان کے علاقے میں پولیس اور قیدیوں کا سامنا ہوا، تو پولیس کی فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک ہوگیا اور دو قیدیوں کو زخمی حالت میں پکڑ کر ڈی ایچ کیو اسپتال لایا گیا، جب کہ متعدد قیدی جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، یہ قیدی قتل، اقدام قتل سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

ڈی پی او محمد نعیم کہتے ہیں پولیس نے کئی فرار قیدیوں کو پکڑ لیا ہے، تاہم انہوں نے تعداد بتانے سے گریز کیا، اور کہا کہ فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

وزیراعلی بلوچستان کا چمن جیل سے قیدیوں کے فرار کا نوٹس

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے چمن جیل سے 17 خطرناک قیدیوں کے فرار کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی اعلی سطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اورایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

Chaman Jail Firing

Prisoners Escape

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div