Aaj News

اتوار, مئ 12, 2024  
03 Dhul-Qadah 1445  

یورپی سیاح بلوچستان میں اسمگلنگ کرنے والی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوا

پرتگالی سیاح ایران کے راستے پاکستان آرہا تھا، حکام
اپ ڈیٹ 04 اگست 2023 11:49am
ولاؤ کستنیرا نونومیغول۔ فوٹو — سوشل میڈیا
ولاؤ کستنیرا نونومیغول۔ فوٹو — سوشل میڈیا

دالبندین کے قریب پاک ایران شاہراہ پر پک اپ کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار پرتگالی سیاح ہلاک ہوگیا۔

بلوچستان کے ضلع چاغی میں دالبندین کے قریب پاک ایران شاہراہ پر پک اپ کی ٹکر سے غیر ملکی موٹر سائیکل سوار سیاح ہلاک ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچی اور لاش کو اسپتال منتقل کردیا۔

پرتگالی سیاح کے پاسپورٹ کا عکس
پرتگالی سیاح کے پاسپورٹ کا عکس

حکام کا کہنا ہے کہ پرتگال سے تعلق رکھنے والا سیاح ”ولاؤ کستنیرا نونومیغول“ پرتگال سے ایران کے راستے پاکستان آرہا تھا اور موٹرسائیکل پر سوار ہوکر کوئٹہ جارہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان بلوچ کے مطابق 28 سالہ سیاح نونو کاسٹینرا کا تعلق یورپی ملک پرتگال سے تھا جو ایران کے راستے پاکستان میں ہیوی بائیک پر داخل ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پرتگالی سیاح کے ساتھ دو جرمن سیاح بھی جمعرات کو ایران سے تفتان بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے، تینوں ہیوی بائیکس پر سوار تھے اور وہ کوئٹہ کی طرف جارہے تھے۔

حسین جان بلوچکا کہنا تھا کہ سیاحوں کی حفاظت پر لیویز اہلکار بھی تعینات تھے جو ان کے ساتھ ساتھ گاڑی میں جارہے تھے۔

انتظامیہ کے مطابق چاغی سے کوئٹہ جاتے ہوئے یک مچھ تالو کے مقام پر نونو کاسٹینرا کی موٹر سائیکل سامنے سے آنے والی ایرانی ساختہ زمباد گاڑی سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں پرتگالی سیاح زخمی ہوا جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاح کی میت کو سرکاری ایمبولنس میں صوبائی دار الحکومت کوئٹہ روانہ کردیا گیا جہاں سول ہسپتال میں ان کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا جبکہ حادثے سے متعلق پرتگال کے سفارتخانے کو خط بھی لکھا جارہا ہے۔

لیوی افسر کے مطابق سیاح کو ٹکر مارنے والی زمباد گاڑی میں کھاد افغانستان سمگل کیا جارہا تھا-

نیلی رنگ کی زمباد گاڑیاں عموما سمگل شدہ ایرانی تیل، چینی، کھاد اور دیگر اشیا کی ترسیل اور سمگلنگ میں استعمال ہوتی ہیں-

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں سکیورٹی کا خدشہ ہوتا ہے اس لیے سیاحوں کے ہمراہ لیویز اہلکار تعینات ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر سفر کرنے والے سیاحوں کو لیویز کی گاڑی کے پیچھے چلنا ہوتا ہے تاہم سیاح لیویز کی گاڑی سے آگے جاکر کوئٹہ کو تفتان اور ایران سے ملانے والی یک رویہ سڑک پر غلط لائن میں موٹربائیک چلا رہا تھا اس دوران مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکر ہوگئی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے، ابتدائی تحقیقات میں غلطی سیاح کی معلوم ہوئی ہے تاہم حادثے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

Road Accident

Portuguese tourists

vilao castanheira nuno miguel

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div