Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
26 Shawwal 1445  

سندھ حکومت نے ٹاؤن اور یوسیز میں گھوسٹ ملازمین کا خاتمہ ترجیح قرار دیدیا

یکم اکتوبر سے اختیارات منتخب نمائندوں کے سپرد کردیے جائیں گے، مبین جمانی
شائع 20 ستمبر 2023 02:44pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

نگران صوبائی وزیر بلدیات مبین جمانی نے ٹاؤن اور یوسیز میں گھوسٹ ملازمین کا خاتمہ ترجیح قرار دے دیا۔

ایک بیان میں مبین جمانی نے کہا کہ منتخب چیئرمین یا دیگر نمائندوں کو ہٹانے کی باتوں میں ابھی تک کوئی صداقت نہیں، ٹرانزیشن پریڈ یکم اکتوبر سے ختم ہوجائے گا، جس کے بعد اختیارات منتخب نمائندوں کے سپرد کردیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ٹاؤنز اور یوسیز میں گھوسٹ ملازمین کا خاتمہ ترجیح ہے، نادرہ کی تصدیق کے بعد تنخواہیں اکاؤنٹس میں منتقل کی جائیں گی، تمام اداروں میں نواجوان اور قابل افسران کو لگا رہے ہیں تاکہ ان اداروں کی حالت زار کو بہتر بنا سکیں۔

نگران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک یا ڈیڑھ سال سے زائد ایک ہی جگہ پر موجود سی ایم او اور ٹی ایم او سمیت دیگر افسران کو ٹرانسفر کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام میں جب تک سوک آگاہی نہیں آتی مسائل اپنی جگہ بنے رہیں گے، ہمارے پاس پانی کی تقسیم کا نظام بھی بوسیدہ ہوچکا ہے، البتہ کراچی میں پانی کے مسئلے کو بہت حد تک کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مبین جمانی نے کہا کہ واٹر بورڈ کی نجکاری کے حوالے سے مجھے کوئی علم نہیں ہے، ایس بی سی اے، واٹر بورڈ سمیت دیگر اداروں میں ایک ماہ کے دوران 10 سے 20 فیصد بہتری ضرور آئی۔

نگران وزیر بلدیات نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جارہی ہیں، قانونی رہائشی عمارتوں کے لئے نقشوں اور لے آوٹ پلان 60 سے 1000 گز تک ون ونڈو کے ذریعے فراہم کرنے کا کام بھی جاری ہے۔

مبین جمانی نے کہا کہ کراچی میں غیر قانونی عمارتوں کے ذمہ دار ایس بی سی اے کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک، سوئی گیس اور واٹر بورڈ بھی ہیں جو ان عمارتوں کو کنکشن فراہم کردیتے ہیں، البتہ شہر میں 300 سے زائد غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ کے خلاف بھی کارروائیاں تیزی سے کی جارہی ہیں۔

karachi

sindh

Sindh Caretaker Local Government Minister

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div