Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

نواز شریف انتقام لینے واپس نہیں آرہے، شہباز شریف

استقبال کیلئے نواز لیگ کی مہم تیز، لاہور اور جہلم میں سرگرمیاں
اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2023 08:04am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف کی واپسی پر ان کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں آج اپنے حلقہ کا دورہ کیا ہے، سابق ایم این اے رانا مبشر اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے، شہباز شریف نے ایک ہی روز میں بیدیاں روڈ، موضع بلہڑ، پانڈوکی، پرانہ کاہنہ، گجومتہ، اور موضع ہیر کا دورہ کیا۔

نوازشریف کی حکومت کو سازش کے تحت ختم کیا گیا، شہباز شریف

لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کو کامیاب کرایا، پاکستان کو ترقی کے سفر پر لے کر آنے والے نوازشریف واپس آرہے ہیں، نوازشریف نے ملک کی ترقی کے لیے شبانہ روز محنت کی، ن لیگ نے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان تیزی سے ترقی کررہا تھا، ان کے دور میں شہریوں کو مفت علاج کی سہولت میسر تھی، شہباز شریف کی حکومت کو سازش کے ذریعے ختم کیا گیا۔

صدر مسلم لیگ ن کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں سی پیک منصوبے کا آغاز ہوا، شہباز شریف 2018 تک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر بڑی تیزی سے جاری تھا، پنجاب بھر میں دانش اسکول بنائے گئے جہاں یتیم بچوں کو مفت تعلیم دی گئی، نوازشریف دورمیں اسپتالوں میں مفت ادویات کا اجراء کیا گیا، 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف سازش پاناما سے شروع ہوکر اقامہ پر ختم ہوئی، نوازشریف اور اس کی بیٹی کو جیلوں میں بھجوایا گیا، ہمارے خلاف ثبوت ہوتے تو لے کر آتے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دیں، نوازشریف نے بے شمار ترقیاتی منصوبے دیے، اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، نوازشریف کسی سے انتقام لینےواپس نہیں آرہا۔

نوازشریف ملک کو دوبارہ خوشحال کرنے کیلئے واپس آرہے ہیں، صدر ن لیگ

لاہور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف ملک کو دوبارہ خوشحال کرنے کے لیے واپس آرہے ہیں، آپ نے نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ کو ووٹ دیے، آپ نےنواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیراعظم بنایا، آپ نے ہمیشہ نواز شریف کی قیادت پر بھروسہ کیا۔

شہباز شریف کے مطابق نواز شریف نے اپنے دور میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا، نواز شریف نے امریکی ٹیلیفون کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں آٹا 35 روپے اور چینی 52 روپے فی کلو تھی، نواز شریف نے بچوں کو تعلیم کیلئے وظائف دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آرہے ہیں، وہ ملک واپس آکر ترقی کا سفر پھر شروع کریں گے، ملک کی ماؤں بہنوں کی دعائیں نواز شریف کے ساتھ ہیں۔

2018 میں سازش کے تحت ایک شخص کو پاکستان پر مسلط کیا گیا، سعد رفیق

جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جہلم نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا ہے، عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ہم ملک میں سی پیک کا تحفہ لے کر آئے، 2018 میں سازش کے تحت ایک شخص کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔

Shehbaz Sharif

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div