Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

لاہور: ’بدھ کی چھٹی کا اطلاق آئندہ ہفتے سے ہوگا‘

لاہور سمیت پورے ڈویژن میں انسداد اسموگ کیلئے دفعہ 144 نافذ
اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2023 06:24pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پنجاب میں انسداد اسموگ کے لئے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کمشنر لاہور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’بدھ کی چھٹی کا اطلاق پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد آئندہ ہفتے سے ہوگا‘۔ دوسری طرف لاہور سمیت پورے ڈویژن میں انسداد اسموگ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق کل تمام تعلیمی ادارے، مارکیٹیں اور دفاتر معمول کے مطابق کھلیں گے۔

اس حوالے سے ترجمان نے مزید بتایا کہ ورک فرام ہوم کی تجویز پنجاب حکومت کو پیش کی جائےگی، حتمی فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔

واضح رہے کہ انسداد سموگ کیلئے ضلعی انتظامیہ کی اپیل پر تاجر تنظیموں نے بدھ کو مارکیٹس مکمل بند رکھنے کی حمایت کی ہے۔

کمشنر لاہور کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت کی روشنی میں بدھ کو ورک فرام ہوم ہوگا۔

محمد علی رندھاوا کے مطابق دو ماہ کیلئے بدھ کو چھٹی ہوگی۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی تاجروں کے ساتھ اہم بیٹھک ہوئی تھی جس کے بعد تاجروں نے انسداد سموگ کیلئے بدھ کی چھٹی کی حمایت کی۔

کمشنر لاہور کے مطابق تاجروں کو اجازت ہو گی اگر وہ ضروری سمجھیں تو اتوار کو مارکیٹس میں کام کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور ٹریڈرز نے ضلعی انتظامیہ کو انسداد اسموگ کیلئے تجاویز و مسائل سے آگاہ کیا تھا۔

انسداد اسموگ کیلئے لاہور بھر میں دفعہ 144 نافذ

لاہور سمیت پورے ڈویژن میں انسداد اسموگ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت عمارتی ملبے کو زیر تعمیرعمارت کے باہر رکھنے یا پھینکنے پر قانونی کارروائی ہوگی۔

کمشنر لاہور کی ہدایات پر انسداد اسموگ کیلئے لاہور سمیت پوری ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، جس کے تحت عمارتی ملبہ کو زیر تعمیرعمارت کے باہر رکھنے یا پھینکنے پر قانونی کارروائی ہوگی۔

دفعہ 144نافذ ہونے کے بعد بغیر چھت ڈھانپے شہر سے گزرنے والی ٹرالیوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، جب کہ میونسپل ویسٹ کی جانب سے ٹائرز، پولی تھن، سالڈ ویسٹ، ربر، لیدر کی اقسام کو جلانے پر قانونی کاروائی ہوگی۔

دفعہ 144 کے تحت فصلوں یا فصلوں کی باقیات جلانے پر مالک اور ٹھیکیدار کیخلاف قانونی کاروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ کمشنر لاہور کی ہدایات پر لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور میں دفعہ 144نافذ کی گئی ہے۔

lahore

lahore smog condition