Aaj News

پیر, مئ 13, 2024  
04 Dhul-Qadah 1445  

کانز کے بعد اب فلم ’ان فلیمز‘ پاکستان کی طرف سے آسکر 2024 کیلئے نامزد

کراچی میں 20 سے 31 اکتوبر تک فلم کی نمائش جاری ہے
اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2023 09:54pm

پاکستانی فلمساز ضرار خان کی فلم ’ان فلیمز‘ کو پاکستان کی طرف سے آسکر 2024 کیلئے نامزد کردیا گیا۔

دی پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق ضرار خان کی ہارر فلم اگلے برس اکیڈمی ایوارڈ کی دوڑ میں باضابطہ طور پر پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔

پی اے ایس سی کے چیئر پرسن محمد علی نقوی نے آج ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے ہم انتہائی فخر اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ 96 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں انٹرنیشنل فیچر کیٹیگری کے لیے پاکستان کی آفیشل انٹری کے طور پر ’ان فلیمز‘ کا انتخاب کرتے ہیں اور پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخاب فلم کی شاندار کارکردگی کو اجاگر کرتا ہے، ان فلیمز’ عالمی سطح پر پاکستانی سنیما کی بے پناہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔

فلم کو انعم عباس نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ ایگزیکٹیو پروڈیوسرز شانت جوشی، ٹوڈ براؤن، اور میکزیم کوٹری ہیں۔

ان فلیمز کی مرکزی کاسٹ میں رمیشا ناول، بختاور مظہر، عدنان شاہ ٹیپو اور عمیر جاوید شامل ہیں۔

فلم کے ڈائریکٹر ضرار خان کہتے ہیں کہ مجھے بہت فخرمحسوس ہورہا ہے کہ ہماری فلم کو پاکستان کی آسکر کمیٹی نے تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ مقامی سینسر بورڈ کی منظوری کے باوجود اس فلم کو مقامی ڈسٹری بیوٹرز کی جانب سے متنازعہ سمجھا جارہا تھا لہذا ہم اسے خود ڈسٹریبیوٹ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم کے حوالے سے پاکستانی ناظرین کی جانب سے زبردست ردعمل سامنے آیا ہے ۔

اس سے قبل فلم ان فلیمز نے کینیڈا میں ہونے والے انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ اپنے نام کیا اور کانز فلم فیسٹول میں بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی فلم اسکر ایوارڈ کی نامزدگی کے لیے زیر غور ہے۔

فلم کی کہانی ایک ماں اور بیٹی کے گرد گھومتی ہے اور اس میں پدرسری اقدار کیخلاف خواتین کے حقوق کے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

فلم میں کوئی بھی گلیمر یا گانا موجود نہیں، اس کی کہانی انتہائی سادہ مگر آرٹ سے بھرپور رکھی گئی ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے ساتھ جڑے رہنے پر مجبور کرتی ہے۔

فلم کی کہانی ضرار خان نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں، فلم کی مکمل شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی اور اس کی کاسٹ میں شامل زیادہ اداکار بھی سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔

Oscar 2024

IN FLAMES

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div