Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

کراچی میں حیدر آباد کے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا قاتل گرفتار

ملزم سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا، پولیس
شائع 15 نومبر 2023 04:58pm

کراچی میں حیدر آباد کے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور شاہزیب کے قتل میں ملوث ملزم عبدالصمد کو پولیس نے گرفتارکر لیا ہے۔

رواں ماہ 11 نومبر کو کراچی کے علاقے صفورا چورنگی کے قریب جھاڑیوں سے لاش ملی تھی، لاش کے قریب سے گاڑی بھی ملی۔

لاش ملنے کے ایک روز بعد ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ صفورہ چورنگی کے قریب سے گزشتہ شب ملنے والی لاش کو 27 سالہ شاہزیب کے نام سے شناخت کر لیا گیا ہے، اور مقتول کے والد نے بتایا ہے کہ ان کا بیٹا آن لائن ٹیکسی چلاتا تھا اور وہ ان سے مسلسل رابطے میں تھا۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اور انویسٹیگشن پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شاہزیب کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتارکرلیا ہے، ملزم کی شناخت عبدالصمد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹیکنکل بنیادوں اورسی سی ٹی وی فوٹیج، کار ٹریکر کی مدد سے گرفتار کیا، ملزم صمد نے کار چھیننے کے ایڈونچر میں شاہ زیب کی جان لی۔

 ملزم صمد کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ۔ فوٹو: آج نیوز
ملزم صمد کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ۔ فوٹو: آج نیوز

پولیس کے مطابق ملزم صمد نے شاہ زیب کی گاڑی کو آن لائن بک کیا، اور گاڑی جیسے ہی پنجابی سوداگران سوسائٹی سے سمیرا چوک پہنچی تو ملزم نے پستول نکال لیا اور شاہزیب کو گاڑی سائیڈ پر لگانے کا کہا۔

حکام نے بتایا کہ شاہزیب نے جیسے ہی گاڑی روکی تو ملزم صمد نے اس کی گردن میں گولی ماردی، تاہم گاڑی کا ٹریکر بند ہونے کی وجہ سے ملزم کا منصوبہ فیل ہوگیا۔

سچل پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی، ملزم سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

Karachi Police

Online Taxi

karachi killing