Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

دلبرداشتہ ہوکر یوگینڈا کرکٹ ٹیم سے کھیلنے والے پاکستانی آل راؤنڈر کی بابر اعظم کی وکٹ لینے کی خواہش

بولنگ میں بابر اعظم ، بیٹنگ میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کےخلاف عمدہ پرفارمنس دینا چاہتا ہوں، ریاضت علی
شائع 01 دسمبر 2023 08:13pm
تصویر بشکریہ یوگنڈا کرکٹ ایسوسی ایشن
تصویر بشکریہ یوگنڈا کرکٹ ایسوسی ایشن

یوگینڈا کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد آل راؤنڈر ریاضت علی نے دلبرداشتہ ہو کر یوگینڈا کا رخ کرلیا، باصلاحیت کرکٹر نے یوگینڈا کی ٹیم کو اگلے سال شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ریاضت علی بولنگ میں بابر اعظم جبکہ بیٹنگ میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کےخلاف عمدہ پرفارمنس دینا چاہتے ہیں۔

گلگت سے تعلق رکھنے والے ریاضت علی شاہ نے ابتدائی طور پر ٹیپ بال کے ساتھ کرکٹ کھیلی جبکہ سولہ سال کی عمر میں ہارڈ بال کے ساتھ کلب کرکٹ کا آغاز کیا۔

بیٹنگ آل راونڈر ریاضت، پہاڑی علاقے سے تعلق رکھنے کی وجہ سے جسمانی طور پر مضبوط ہیں اور اسی لئے یوگنڈا کی کرکٹ ٹیم میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بھرپور پرفارمنس دے رہے ہیں۔

یوگینڈا ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے میڈیم پیسر ریاضت کو نئی گیند سے بولنگ کا موقع ملتا ہے جبکہ یہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنا پسند کرتے ہیں اور اسی نمبر پر اچھی پرفارمننس دیتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ریاضت علی شاہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی ٹیم میں دو سال تک شامل رہنے کے باوجود انھیں صرف تین میچز میں چانس دیا گیا۔

وہ سمجھتے ہیں کہ اچھی پرفارمنس کے باوجود انھیں موقع نہیں ملتا تھا، حالانکہ کہ وہ اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے ہر دم پرعزم رہتے تھے اور چانس نہ ملنے پر انھیں مایوسی ہوتی تھی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ دبئی میں کرکٹ کھیلنے کے دوران یوگینڈا کے غلام ہنزہ سے ملاقات ہوئی اور انھوں نے یوگینڈا میں کلب کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا۔ اور پھر والدین سے اجازت کے بعد یوگینڈا کا رُخ کیا۔

آل راؤنڈر ریاضت علی شاہ کا کہنا ہے کہ ان کا مستقبل یوگینڈا کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہے، ہماری ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کو ذہین میں رکھ کر تیاریوں میں مصروف ہے، یوگینڈا ٹیم میں بہت ٹیلنٹ ہے، اگر ان کا پاکستانی کرکٹ ٹیم سے میچ ہوا تو بہت مزہ آئے گا۔

یاد رہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ یوگینڈا نے اگلے سال شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ افریقی ملک نمیبیا میں کھیلے گئے ایونٹ میں یوگینڈا کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر ریاضت علی شاہ نے یوگینڈا کی ٹیم کو اگلے راؤنڈ تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے زمبابوے کے خلاف میچ میں سکندر رضا کو آؤٹ کیا اور اسی میچ میں 26 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔

پاکستانی نژاد ریاضت علی شاہ کی خواہش ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ان کا میچ پاکستان سے بھی ہو اور میری خواہش ہے کہ پاکستان کے اہم بلے باز بابر اعظم کی وکٹ حاصل کروں جبکہ بیٹنگ کے دوران نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کے خلاف عمدہ بیٹنگ کروں۔