Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

نواز شریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس دوبارہ ماتحت عدالت بھیجنے کی نیب درخواست مسترد، ارشد ملک کی ویڈیو چلانے کا بھی عندیہ

اسلام آباد ہائیکورٹ کاالعزیزیہ کیس میں نوازشریف کی اپیل پر میرٹ پر سماعت کا فیصلہ
اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2023 07:05pm
Decision of Islamabad High Court to hear Al-Azizia reference on merit | Breaking News - Aaj News

اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ کیس میں نوازشریف کی اپیل پر میرٹ پر سماعت کا فیصلہ کیا ہے اور احتساب عدالت کو معاملہ واپس بھیجنے کی نیب کی استدعا مسترد کردی ہے، عدالت نے مرحوم جج ارشد ملک کی ویڈیو عدالت میں چلانے کا عندیہ بھی دے دیا۔ سماعت کے دوران نواز شریف نے حسین نواز کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے دستاویزات سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ کیس میں نوازشریف کی اپیل پر میرٹ پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور احتساب عدالت کو معاملہ واپس بھیجنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ العزیزیہ ریفرنس میرٹ پر یہی عدالت سنے گی۔

سماعت کے اہم نکات

اسلام آباد ہائیکورٹ نےالعزیزیہ ریفرنس کومیرٹ پر سننے کا فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی کیس احتساب عدالت ریمانڈ بیک کرنے اور ریفرنس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد کردی۔

دوران سماعت نواز شریف کے ساتھ اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ سمیت دیگرلیگی رہنما بھی موجود تھے۔

عدالت نے نواز شریف کی سزا کے خلاف اور نیب کی سزا بڑھانے کی اپیل کو یکجا کرکے سماعت کی۔

اس موقع پر نواز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے اپیل پر اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب نے سپریم کورٹ کے احکامات پر ریفرنسز دائر کیے جن میں ایک جیسا الزام تھا۔

وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو بری کر دیا تھا۔

وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ جے آئی ٹی کے مطابق سعودی عرب کی اتھارٹیز کو ایم ایل اے بھیجا جس کا جواب نہیں آیا۔

وکیل کے مطابق نواز شریف کا پچھلے 7 سال میں یہ مؤقف رہا کہ میرے والد نے العزیزیہ اسٹیل ملز بنائی تھی۔ نواز شریف کا کبھی بھی کسی طور پر اس سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ نواز شریف کا یہ کیس پچھلے کیس سے بھی بہتر ہے کہ وہ اس عرصہ میں پبلک آفس ہولڈر بھی نہیں تھے۔

نواز شریف کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جج ویڈیو اسیکنڈل سے متعلق اپنی درخواست کی پیروی نہیں کریں گے، جج ارشد ملک انتقال کر چکے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ اگر جج کا کنڈکٹ اس کیس کے فیصلے کے وقت ٹھیک نہیں تھا، بددیانت تھا تو اس کے اثرات ہوں گے۔ اب یہ آپ کا اختیار ہے کہ آپ جج ارشد ملک کا معاملہ اٹھانا چاہتے ہیں کہ نہیں۔

وکیل امجد پرویز نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ریمانڈ بیک کرنے کی صورت میں ڈائریکشن دے دے کہ فیصلہ جلد کیا جائے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمہ احتساب عدالت کو بھجوانے کی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے العزیزیہ ریفرنس میرٹ پر سننے کا فیصلہ کردیا۔

عدالت نے جج ویڈیو اسیکنڈل کیس سے متعلق نواز شریف کی جانب سے درخواست کی پیروی نہ کرنے کی استدعا منظور کرلی۔

عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیل پر سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی۔

دستاویزات سے اظہارِ لاتعلقی

سماعت کے دوران نواز شریف نے حسین نواز کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے دستاویزات سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔

سماعت کے دوران نیب پراسکیوٹر نے عدالت میں دستاویزات پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں ان کی جانب سے یہ ڈاکیومنٹ جمع کروائے گئے، سچائی انہیں ثابت کرنا تھی۔

جس پر نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ یہ ڈاکیومنٹ ہم نے نہیں بلکہ مقدمے کے ایک فریق حسین نواز نے سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی۔

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ ڈاکیومنٹ ہے کیا ہمیں بھی تو دکھائیں۔

نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ یہ آڈٹ رپورٹ ایک سورس ڈاکیومنٹ تھا۔

چیف جسٹس نے امجد پرویز سے سوال کیا کہ فوٹو کاپی بطور ثبوت پیش کرنے پر آپ نے اعتراض کیا تھا؟

جس کے جواب میں امجد پرویز نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس دائر ہی تب ہو سکتا ہے جب آمدن اور اثاثے کی مالیت کا تقابل موجود ہو۔

اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ‏اگر اعتراض کیا تھا تو اس پر عدالت نے کیا فیصلہ دیا تھا؟

امجد پرویز کا کہنا تھا کہ ‏واجد ضیاء نے جرح میں بتایا تھا کہ یہ سورس ڈاکیومنٹ ہے۔

سماعت کے دوران نواز شریف کو العزیزیہ کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیل کی سماعت میں اقامہ کی دستاویز پر بحث شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا العزیزیہ کمپنی کی طرف سے نواز شریف کو قابل ادا تنخواہوں سے متعلق دستاویز مصدقہ ہے؟

انہوں نے استفسار کہ کیا جس شخص نے اُس قابل وصول تنخواہ کی دستاویز تیار کی اُس نے کسی عدالت میں آ کر اِس کی تصدیق کی؟

اس پر امجد پرویز نے کہا کہ قابل وصول تنخواہ کی دستاویز تیار کرنے والے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ نے کبھی عدالت میں پیش ہو کر تصدیق ہی نہیں کی۔ سب فوٹو کاپی دستاویز ہے اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیس میں عدالت نے فوٹو کاپی دستاویز کو بطور ثبوت ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

امجد پرویز نے کہا کہ اس دستاویز کی کوڑے کباڑ سے زیادہ کوئی اہمیت نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ کیس میں نواز شریف کی سزاؤں کے خلاف اپیل کی سماعت 12 دسمبرتک ملتوی کر دی۔

سماعت کا تفصیلی احوال

اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں قائد ن لیگ نوازشریف کی سزا کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ کمرہ عدالت میں پیش ہوئے، ان کے وکلاء اعظم نذیر تارڑ، امجد پرویز اور نیب کی جانب سے وکلاء کی ٹیم روسٹرم پر آئے، جب کہ ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل نیب نعیم طارق سنگھیڑہ بھی روسٹرم پر آگئے۔

نوازشریف کے وکیل امجد پرویز کے دلائل

وکیل امجد پرویز نے مؤقف اختیار کیا کہ 2018 فیصلے کیخلاف یکم جنوری 2019 کو اپیل فائل ہوئی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے وکیل امجد پرویز سے استفسار کیا کہ کیا یہ بھی پانامہ کیس سے متعلق تھی۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ تین ریفرنسزتھے جن میں دو میں بریت ہوچکی ہے، اور ایک یہ ہے، فلیگ شپ ریفرنس میں نیب نے اپیل واپس لے لی تھی، نیب نے سپریم کورٹ کے احکامات پرریفرنسز دائر کیے، ریفرنس میں ایک جیسے الزام تھے، فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نوازشریف کو بری کیا، ایک ہی الزام پر الگ الگ ریفرنس دائر کیے گئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اس میں الزام کیا تھا۔

وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ وہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس تھا، اس کیس میں 22 گواہ ہیں 13 وہ ہیں جنہوں نے ریکارڈ پیش کیا، وقوعہ کا کوئی چشم دید گواہ نہیں ہے۔

جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کہ نیب کا الزام ہے نوازشریف بے نامی دار ہیں، کچھ ٹرانزیکشنز ہیں، ان سے متعلق عدالت کو بتائیں۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ العزیزیہ اسٹیل مل 2001 میں سعودی عرب میں بنی، اس وقت نوازشریف پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے، العزیزیہ کو بیچ کرہل میٹل 2005/2006 میں بنائی گئی، اس کمپنی سے نواز شریف کے تعلق کا کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، نیب کا سارا کیس نواز شریف کی ان کمپنیوں کی ملکیت ثابت کرنے کا تھا، ان کمپنیوں کے شئیر ہولڈرز حسین نواز شریف، عباس شریف اور ایک خاتون تھیں، ایم ایل ایز سعودی عرب کو لکھے گئے لیکن ان کا کوئی جواب نہیں آیا، والد نے العزیزیہ اسٹیل مل بنائی تھی، اس اسٹیل مل کے ساتھ کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔

امجد پرویز نے بتایا کہ العزیزیہ 2001 اور ہل میٹل 2005 میں بنائی گئی، میاں شریف اپنی زندگی میں ہرطرح کے اخراجات خود کرتے تھے، دونوں ملز بنانے کے وقت پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے۔

امجد پرویز کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ نے بھی دستاویزی ثبوت نہ ملنے کو تسلیم کیا ہے، ‏نواز شریف کی فیملی نے 1976 میں دبئی میں گلف اسٹیل ملز لگائی، یہ گلف کی سب سے بڑی اسٹیل ملز تھی جو دبئی میں لگائی گئی، یہ بعد کی بات ہے کہ وہ بعد میں منافع میں رہی یا نہیں۔

وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ بیٹے نے باپ کو باہر سے بینکنگ چینل کے ذریعے رقم بھجوائی،
ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ بنانے کے چار سال بعد یہ رقم بھجوائی گئی، 2017 میں حسین نوازکے اکاؤنٹ سے جو رقم آئی وہ ٹیکس ریٹرن میں بھی ظاہرکی گئیں۔

عدالت نے نیب پراسیکوٹر کو بولنے سے روک دیا

نیب پراسیکوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی ایک درخواست جج ویڈیواسیکنڈل سے متعلق زیرالتوا تھی، انہوں نے اضافی شواہد سے متعلق درخواست دی تھی، یہ میرٹ پر دلائل دے رہے ہیں لیکن ان کی وہ درخواست زیرالتوا ہے، وہ جج ویڈیواسیکنڈل کیس تھا جج صاحب نے بھی پریس ریلیز دی تھی۔

عدالت نے نیب پراسیکوٹر کو بولنے سے روک دیا۔ جس کے بعد نوازشریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ جج ویڈیواسیکنڈل سےمتعلق اپنی درخواست کی پیروی نہیں کریں گے، جج ارشد ملک فوت ہوچکے ہیں، ہم اس درخواست کی پیروی نہیں کر رہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وکیل سے کہا کہ کیا اس درخواست کی پیروی کریں گے، تو ہم اس کو دیکھیں، ارشد ملک اب نہیں ہیں لیکن باقی لوگ ابھی موجود ہیں، آپ کا فیصلہ کیا ہے درخواست کی پیروی کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ مجھے ہدایت دی گئی ہے، درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتے، میں جج ارشد ملک کے حوالے سے دعا گو ہوں۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے وکیل سے استفسار کیا کہ کن گراؤنڈز پر جج ارشد ملک کو بر طرف کیا گیا تھا، آپ کا اختیار ہے جج ارشد ملک کا معاملہ اٹھانا چاہتے ہیں کہ نہیں، کیونکہ درخواست تو موجود ہے، ہم یہاں اسکرین لگا دیں گے اوروڈیو چلا دیں گے، یہ بات یادرکھیں کہ یہ دودھاری تلوار بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

نوازشریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہمیں ضرورتکلیف ہوگی دوبارہ جائیں گے اور دوبارہ دلائل دیں گے۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے پوچھا کیس واپس جانے پر نیب وہی رویہ اختیار کرتا ہے جو یہاں کیا تو پھر؟۔

چیف جسٹس عامرفاروق نے استفسار کیا کہ اب ہمارے پاس دوآپشن ہیں یا خود سنیں یا ریمانڈ کردیں، صاف بتائیں ؟ کون سا آپشن لیں گے۔

وکیل اعظم نذیر نے کہا کہ بہت سی باتیں عدالت کے سامنے نہیں کرنا چاہتا۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

نوازشریف جاتی امر سے کب روانہ ہوئے

واضح رہے کہ ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف صبح 9 بجکر 30 منٹ پر جاتی امرا سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے لئے روانہ ہوئے تو مریم اورنگزیب، بلال کیانی اور دیگراسٹاف بھی ان کے ہمراہ تھے۔

نوازشریف کا قافلہ ایئرپورٹ سے منسٹر انکلیو پہنچا، جہاں لیگی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ رہا۔

واضح رہے کہ 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

نواز شریف نے احتساب عدالت سے سزا کیخلاف اپیل دائر کررکھی ہے، جب کہ نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل دائر کر رکھی ہے۔

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل

سابق وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو سزامعطل کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر 24 اکتوبر 2023 کو نگراں پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی منظوری دے دی تھی۔

سزا معطلی کے حوالے سے تفصیلات

محکمہ داخلہ پنجاب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کرنے کا نوٹیفکیشن 25 اکتوبر کو جاری کیا۔ جس میں بتایا گیا کہ نواز شریف کی درخواست پر فیصلے کے لیے نگران کابینہ نے وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی، اس کمیٹی نے نواز شریف کے وکلاء امجد پرویز، عطاء تارڑ اور ڈاکٹر عدنان کو شنوائی کا موقع دیا۔

نوازشریف کی جانب سے سزا معطلی کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی طبعیت مکمل ٹھیک نہیں ہے اور وہ جیل نہیں کاٹ سکتے۔

صوبائی وزراء، بیوروکریٹس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور دیگر پر مشتمل کمیٹی نے اجلاس کے بعد سفارشات تیار کیں۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ماضی کی بعض مثالوں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں سزا معطل کرنے کی سفارش کی، جس کی نگراں وزیراعلیٰ اور کابینہ نے منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ کی منظوری کے بعد ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی ہدایت پر نوازشریف کی سزا معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

Nawaz Sharif

nawaz sharif returns 2023

Al Azizia Reference

Avenfield Apartments and Al Azizia references

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div