Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

”گلگت بلتستان 50 سال کے لئے چین کو دینے پر غور“ جعلی خبر پر نگراں وزیراطلاعات کا ایکشن

جعلی تراشے پھیلانے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، مرتضیٰ سولنگی
شائع 10 دسمبر 2023 03:29pm
فوٹو: ایکس اکاونٹ نگراں وزیراطلاعات
فوٹو: ایکس اکاونٹ نگراں وزیراطلاعات

سوشل میڈیا پر گلگت بلتستان کو 50 سال کے لئے چین کو دینے کی جعلی خبر زیرگردش ہے، جس پر نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ایکشن لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔

سوشل میڈپا ایک جھوٹی خبر زیر گردش ہے جس کی سرخی میں تحریر ہے کہ گلگت بلتستان 50 سال کے لئے چین کو دینے پر غور کیا جارہا ہے، اور اس کی وجہ ملک کے مخدوش معاشی حالات اور امریکا سے کشیدگی بتائی گئی ہے۔

جعلی اخباری تراشے پر یہ بھی تحریر ہے کہ چینی تھنک ٹینک نے اس حوالے سے گرین سگنل دے دیا ہے اور معاہدہ ہوتے ہی چینی افواج گلگت میں تعینات کردی جائیں گی۔

دوسری جانب نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے جعلی خبر کا نوٹس لے لیا ہے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جعلی اخباری تراشے کو پوسٹ کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ یہ کسی اخبار میں نہیں چھپا۔

نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ جعلی خبر گھڑی، یا اس جھوٹے تراشے کو مذموم مقاصد کیلیے پھیلا رہے ہیں، ان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔