Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

کراچی : نئے سال پر ہوائی فائرنگ، والدین کی اکلوتی 3 سالہ بچی جاں بحق

واقعے کے وقت ثانیہ گھر کے صحن میں تھی کہ اچانک سر میں گولی آکر لگی
شائع 01 جنوری 2024 08:28pm
تصویر بذریعہ مصنف
تصویر بذریعہ مصنف

کرچی میں نئے سال پر ہوائی فائرنگ نے تین سالہ ثانیہ کی جان لے لی۔ ثانیہ والدین کی اکلوتی اولاد تھی۔ بچی کے اہل خانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔

فائرنگ کا واقعہ گزشتہ شب کورنگی نمبر ایک سیکٹر 32 بی میں پیش آیا، نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے تین سالہ ثانیہ زخمی ہوگئی تھی لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ زندگی کی بازی ہار گئی۔

بچی کے ماموں انور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ رات علاقے میں بہت زیادہ فائرنگ ہورہی تھی، واقعے کے وقت ثانیہ گھر کے صحن میں تھی کہ اچانک سر میں گولی آکر لگی۔

ان کا کہنا تھا کہ گولی لگنے کے بعد ثانیہ کو ابتدائی طور پر قریبی اسپتال لے گئے جس کے بعد جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

غم سے نڈھال ماموں نے مزید بتایا کہ ثانیہ بے ہوش تھی ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ ہوش میں آنے کے بعد سر میں سے گولی نکالی جائے گی۔

انھوں نے بتایا کہ ثانیہ کی عمر تین برس تھی اور وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھی، تدفین آج رات ہی کورنگی کے مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔

خیال رہے کہ کراچی میں سال نو کے آغاز پر ہوائی فائرنگ سے 32 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ہوائی فائرنگ بہادر آباد، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، کریم آباد ، کورنگی، اعظم بستی، کلفٹن اور دیگر علاقوں میں کی گئی تھی۔

زخمیوں کو سول، جناح اور عباسی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، جن میں خاتون، بچہ اور بچی بھی شامل تھے۔

دوسری طرف سال نو کے آغاز پر پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔

karachi

Karachi Police

Aerial Firing

New Year 2024

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div