Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن موخر کرنے پر اکبر ایس بابر کا رد عمل سامنے آگیا

کوشش میں ہیں پی ٹی آئی کو ایک جمہوری ادارہ بنایا جائے، بانی رکن پی ٹی آئی
شائع 02 فروری 2024 07:03pm
فوٹو ۔۔ فائل
فوٹو ۔۔ فائل

پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن کو موخر کرنا خوش آئند ہے، اگر نئے انٹراپارٹی الیکشن کے نام پرعمل جاری رکھتے تو پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کالعدم قیادت کی طرف سے انٹرا پارٹی کے نام پر ناٹک رچانے کی کوشش کی گئی۔

انھوں نے کہا کہ ہم اس کوشش میں ہیں پی ٹی آئی کو ایک جمہوری ادارہ بنایا جائے، ایک ایسا ادارہ جو قانون سے بالاتر نہ ہو، ایک ایسی قیادت ہو جو قوم کو بنانے پر توجہ دے، ایک ایسی قیادت جو نوجوانوں کی زبان پر گالی اور ہاتھ میں ڈنڈا نہ دے، یہ وہ بنیادی اصول تھے جس کے تحت پارٹی بنائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن پر آئین کے مطابق فیصلہ دیا، فیصلے کے مطابق یہ تمام کالعدم ممبران ہیں، ہم اپنے اصولوں پر قائم رہے۔

بانی رکن پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم پر الزامات لگائے گئے، میرے اوپر فارن فنڈنگ کا الزام لگایا گیا تھا جس میں سرخرو ہوا، بہت سے نوجوان لوگ ہیں پارٹی میں جو پروپیگنڈا کا حصہ بنے، میں پاکستان تحریک انصاف کا بہت بڑا دوست ہوں ، آج بھی پاکستان تحریک انصاف کے لئے لڑ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک خوبصورت خواب تھا جو ختم ہو گیا ہے، پارٹی ایک خوبصورت خواب تھا جو ڈراؤنی حقیقت بن چکا، چاہتے ہیں پی ٹی آئی ایک ایسی سیاسی قوت بنے جس سے پاکستان معاشی طور پر آگے پڑھے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا مقصد نوجواں نسل کو شعور دینا تھا، پارٹی کا مقصد گالم گالوج کی سیاست کرنا نہیں تھا۔