Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

خیبرپختونخوا اسمبلی میں شدید بدنظمی، ن لیگ کی خاتون رکن پر لوٹا پھینک دیا گیا

خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا
اپ ڈیٹ 28 فروری 2024 04:32pm

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، جہاں نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھالیا، جہاں اجلاس کے دوران شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی جبکہ مسلم لیگ ن کی خاتون رکن پر لوٹا پھینک دیا گیا۔

صوبائی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس صبح 11 بجے طلب کیا گیا تھا جو تقریباً پونے ایک بجے شروع ہوا، نومنتخب خیبرپختونخوا اسمبلی کا پہلا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پہلے مرحومین اور شہدا کے لیے دعا کرائی گئی جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کے لیے دعا بھی کی گئی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے شور شرابا اور نعرے بازی کی گئی، جس پر اسپیکر مشتاق غنی نے ہدایت کی کہ اسمبلی میں موجود لوگ خاموشی اختیار کریں۔

جس کے بعد نومنتخب اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی نے حلف اٹھالیا، اسپیکر مشتاق غنی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔

نامزد وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور اجلاس کے دوران اسمبلی میں موجود تھے جبکہ نومنتخب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل

تقریب حلف برداری کے بعد سپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ شام 5 بجے تک اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں اور رات 12 بجے تک کاغذات واپس لیے جا سکتے ہیں جبکہ کل صبح 10 بجے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوگی۔

شام ساڑھے چار بجے کے قریب اپوزیشن نے اپنے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

بانی پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار برائے اسپیکر صوبائی اسمبلی خیبرپختونخواہ بابر سلیم سواتی نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی سیکرٹری اسمبلی کی پاس جمع کروا دیے۔

پشاور : کوثر بی بی کی کاغذات نامزدگی ڈپٹی سپیکر کے جمع

ثوبیہ شاہد پر لوٹا اور جوتا پھینکا گیا

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی کارکن ثوبیہ شاہد ہاتھ میں گھڑی لے کر اسمبلی ہال پہنچیں جہاں وہ لوگوں کو ہاتھ میں پہنے جانے والی گھڑی دکھا رہی تھیں کہ اس دوران اسمبلی میں موجود پی ٹی آئی کارکنان نے ان پر خالی بوتل، جوتا، بال پین اور لوٹا پھینکا لیکن ثوبیہ جاوید مسلسل لوگوں کو گھڑی دکھاتی رہیں۔

اس دوران اسمبلی میں موجود پی ٹی آئی کارکنان نے شدید نعرے بازی بھی کی جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بھی اسمبلی میں موجود تھے۔

ہال میں بدنظمی اور دھکم پیل

انتظامیہ نے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ایک ہزار سے زائد پاسز ایشو کررکھے ہیں اور اسمبلی میں لوگوں کی گنجائش اس سے کم ہے جس کے باعث اجلاس سے قبل ہی اسمبلی میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اسمبلی کے اجلاس کو دیکھنے کے خواہشمند افراد دھکم پیل کرتے ہوئے اسمبلی ہال میں گھس گئے اور متعدد ایسے افراد بھی اسمبلی ہال میں داخل ہوئے جن کے پاس پاسز موجود نہیں تھے، اس دوران لوگوں کے درمیان شدید دھینگا مشتی بھی ہوئی اور جسے جہاں موقع ملا وہ وہاں جاکر بیٹھ گیا۔

پولیس نے شدید بدنظمی کے بعد اسمبلی کا گیٹ بند کردیا لیکن کارکنان باہر کے راستوں سے پھلانگ کر اسمبلی کی حدود میں داخل ہوگئے، بدنظمی کی وجہ سے کئی میڈیا نمائندوں کوبھی اسمبلی کے اندر داخل ہونے کا موقع نہ ملا اور بیشتر نو منتخب ارکان کو گاڑیوں کی پارکنگ میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

انٹر نیٹ سروس جزوی متاثر

دوسری جانب اجلاس کے موقع پر صوبائی اسمبلی اور اطراف کے علاقوں میں انٹر نیٹ سروس جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔

اسپیکر خیبرپختونخوا کیلئے بابر سلیم نامزد

سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خیبر پختون خوا اسمبلی کے اسپیکر کے لیے بابر سلیم کو نامزد کر دیا۔

بابر سلیم مانسہرہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے ہیں، ان سے قبل اسپیکر کے پی اسمبلی کے لیے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللّٰہ کا نام لیا جا رہا تھا۔

اس حوالے سے اسپیکر مشتاق غنی نے اعلان کیا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی کا انتخاب 29 فروری کو ہو گا۔

خیبر پختونخوا

KPK

peshawar

KPK Assembly

KP Assembly

pti workers protest

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div